کراچی:
مختلف علاقوں میں پولیس مقابلوں کے دوران تین زخمی سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا۔
ترجمان ساوتھ پولیس کے مطابق ڈیفنس تھانے کی حدود میں قیوم آباد سی آر روڈ کے قریب دوران گشت موٹر سائیکل پر سوار مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔
جوابی کارروائی میں دو ملزمان بلال ولد جاوید اور بلال ولد رب نواز زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے، جبکہ عمیر ولد عبدالرحمان نامی ملزمان کا ساتھی بھی مقابلے کے دوران حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے تین ساتھی، جن کی شناخت حفیظ ولد گل صاحب خان، شہزاد اور ذوالفقار عرف زلفی کے نام سے ہوئی ہے، اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو عدد 30 بور پستول، ایمونیشن، دو موٹر سائیکلیں اور موبائل فونز برآمد کر لیے گئے۔ زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ گرفتار ملزم کو تھانے منتقل کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ادھر فیروزآباد تھانے کی حدود میں پی ای سی ایچ ایس بلاک 8 کے قریب ہل پارک کے علاقے میں پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم عثمان ولد امین زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے ایک پستول اور گولیاں برآمد کر لیں۔
دوسری جانب شارع فیصل تھانے کی حدود میں ڈالمیا روڈ پر مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ریحان ولد شاہ محمد نامی ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے اس کے قبضے سے ایک پستول، گولیاں اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے سابقہ مجرمانہ ریکارڈ کی جانچ کی جا رہی ہے۔