فیفا ورلڈکپ فائنل میں اسپین اور ارجنٹینا کے درمیان ہونے والے مقابلے کے لیے مقرر کیے گئے سلووینیا کے ریفری سلاوکو وِنچچ اپنے ماضی کے ایک متنازع واقعے کے باعث توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔
برطانوی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق مئی 2020 میں بوسنیا و ہرزیگووینا میں جسم فروشی کے ایک مبینہ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کے دوران وِنچچ کو بھی دیگر افراد کے ساتھ حراست میں لیا گیا تھا۔
اس کارروائی میں مبینہ گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کیا گیا جس نے بعد ازاں بین الاقوامی سطح پر جسم فروشی کے نیٹ ورک چلانے کے الزام کا اعتراف بھی کیا۔
تاہم سلاوکو وِنچچ کو بعد میں رہا کر دیا گیا تھا۔ ان کا مؤقف تھا کہ وہ وہاں کسی غیر قانونی سرگرمی کے لیے نہیں بلکہ ایک کاروباری ملاقات کے سلسلے میں موجود تھے اور ان کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
سلووینیا کی فٹبال ریفریز ایسوسی ایشن کے صدر نے بھی وِنچچ کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ محض غلط وقت پر غلط جگہ موجود تھے۔
اس واقعے کے باوجود وِنچچ نے اپنی ریفری کیریئر جاری رکھا اور اب انہیں ورلڈ کپ 2026 کے فائنل جیسے بڑے مقابلے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔