کے-الیکٹرک یونین انتخابات میں پی پی پی کامیاب، سعید غنی کی ملازمین کو مبارکباد

لیبریونیون کی کامیابی کے-الیکٹرک ملازمین کی پیپلزپارٹی پر اعتماد کا مظہر ہے، صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت


فوٹو: فائل

وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی نے کے-الیکٹرک کے ریفرنڈم میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی اسٹار یونین کو شکست دے کر شان دار کامیابی حاصل کرنے پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی حمایت یافتہ لیبر یونین کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی مزدور دوست پالیسیوں اور ان کی مزدوروں کی فلاح و بہبود کے وژن کے باعث پیپلز پارٹی تمام اداروں کی لیبر یونینز میں متواتر کامیابیاں حاصل کررہی ہے۔

صوبائی وزیر صحت سعید غنی نے کہا ہے کہ کے-الیکٹرک کے ریفرنڈم میں پیپلز پارٹی کی حمایت یافتہ لیبر یونین نے کل 4589 ووٹوں میں سے 3191 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل ایم کیو ایم پاکستان کی حمایت یافتہ اسٹار یونین نے صرف 1061 ووٹ حاصل کیے۔

انہوں نے کہا کہ لیبر یونین کی بھاری اکثریت میں کامیابی کے-الیکٹرک کے ملازمین کی پیپلز پارٹی پر اعتماد کا مظہر ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ کے-الیکٹرک کے سالہا سال کے بعد ہونے والے ریفرنڈم میں پیپلز پارٹی کی حمایت یافتہ لیبر یونین کی شان دار کامیابی مزدوروں کا پیپلز پارٹی پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے، کے-الیکٹرک کے ریفرنڈم میں لیبر یونین کی شان دار کامیابی پر پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر حبیب الدین جنیدی اور کراچی کے صدر اسلم سموں مبارک باد کے مستحق ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس شان دار کامیابی پر پوری پیپلز لیبر بیورو اور تمام کامیاب عہدیداران کو تہہ دل سے مبارک باد پیش کرتا ہوں اور امید ہے کامیاب ہونے والے تمام عہدیداران اس شہر، صوبے اور ملک کی فلاح و بہبود کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔