محکمہ موسمیات کا چین کے تعاون سے مصنوعی ذہانت پر مبنی ملٹی ہیزرڈ ارلی وارننگ سسٹم متعارف

اس نظام کا مقصد ملک میں قدرتی آفات کی بروقت پیش گوئی اور مؤثر وارننگ صلاحیت کو بہتر بنانا ہے، محکمہ موسمیات


آفتاب خان July 19, 2026
فوٹو: فائل

محکمہ موسمیات نے چینی محکمہ موسمیات کے تعاون سے مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید ملٹی ہیزرڈ ارلی وارننگ سسٹم متعارف کرا دیا، جس کا مقصد ملک میں قدرتی آفات کی بروقت پیش گوئی اور مؤثر وارننگ صلاحیت کو بہتر بنانا ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ جدید، کلاؤڈ بیسڈ پلیٹ فارم مختلف موسمیاتی ماڈلز کو یکجا کرکے ملک کے کسی بھی مقام کے لیے اینسمبل فورکاسٹ تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس نظام سے سیلاب، خشک سالی، گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور دیگر شدید موسمی واقعات کی زیادہ درست اور بروقت پیش گوئی ممکن ہوگی۔

بیان میں کہا گیا کہ اے آئی پر مبنی فورکاسٹ جنریٹر آپریشنل پیش گوئیوں کے معیار میں نمایاں بہتری لائے گا، متعلقہ اداروں کو بروقت فیصلے کرنے میں مدد ملے گی، جس سے قیمتی جانیں بچانے اور مالی نقصانات کم کرنے میں معاونت حاصل ہوگی۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعاون اب صرف سسٹم کی تنصیب تک محدود نہیں بلکہ مشترکہ تحقیق، جدت اور مصنوعی ذہانت پر مبنی موسمیاتی خدمات کے فروغ تک وسعت اختیار کر چکا ہے۔