حکومت سندھ نے جامعہ کراچی کے موجودہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی کی مدت ملازمت آئندہ ہفتے مکمل ہونے کے بعد میں قائم مقام وائس چانسلر کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طفیل احمد کو جامعہ کراچی کا اضافی و عارضی چارج دیے جانے کا امکان ہے جبکہ سرچ کمیٹی تین ناموں کا انتخاب کرچکی ہے۔
این ای ڈی کے وائس چانسلر ڈاکٹر طفیل احمد کوجامعہ کراچی کا اضافی چارج تفویض کرنے سے متعلق بتایا گیا کہ کنٹرولنگ اتھارٹی وزیر اعلیٰ سندھ اس حوالے سے بھجوائی گئی ایک سمری کی منظوری دے چکے ہیں اور آئندہ چند روز میں اس سلسلے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ موجودہ وائس چانسلر کی پہلی 4 سالہ مدت ملازمت منگل 28 جولائی کو پوری ہورہی ہے۔
ایکسپریس نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز نے جامعہ کراچی کے قائم مقام وائس چانسلر کی تعیناتی کے حوالے سے جو سمری کنٹرولنگ اتھارٹی کو بھجوائی تھی اس میں جامعہ کراچی کے سینیئر ترین پروفیسر یا قریب ترین یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو یونیورسٹی کا عارضی چارج دینے کی سفارش کی تھی جس کے بعد وزیر اعلی سندھ کی جانب سے قریب ترین یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے طور پر ڈاکٹر طفیل احمد کو جامعہ کراچی کا چارج دینے کی سفارش کی منظوری دی ہے۔
جامعہ کراچی کے مستقل وائس چانسلر کی تقرری کے سلسلے میں تلاش کمیٹی اپنا کام مکمل کرچکی ہے، چار روز تک جاری رہنے والے 40 سے زائد امیدواروں کے انٹرویوز کے بعد اب کمیٹی پینل کے 3 ناموں کا انتخاب کرچکی ہے جسے محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کو وزیر اعلیٰ سندھ کو بھجوانا ہے۔
اس سے قبل ان تین ناموں کی سیکیورٹی کلیئرنس کروائی جائے گی جس کے بعد 3 ناموں پر مشتمل سمری وزیر اعلیٰ کو بھجوادی جائے گی، وزیر اعلیٰ سندھ ان ناموں کے حامل امیدواروں سے بذات خود ملاقات کریں گے جس کے بعد موزوں نام کی منظوری متوقع ہے۔
اگر امیدواروں کے حاصل کردہ انٹرویو مارکس میں واضح فرق ہو تو وزیر اعلی سندھ عموماً سرفہرست امیدوار کو ہی وائس چانسلر مقرر کرتے ہیں۔