کراچی، شہر میں پولیس مقابلے، 3 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز اور دیگر سامان برآمد کیا گیا، پولیس


اسٹاف رپورٹر July 20, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران تین مبینہ ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقد رقم اور دیگر سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق پہلا مبینہ مقابلہ شارع نور جہاں تھانے کی حدود میں نارتھ ناظم آباد بلاک "یو" کے ڈی اے گراؤنڈ کے قریب پیش آیا۔

کارروائی کے دوران ایک مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے گرفتار ملزم کی شناخت عبدالرحمٰن کے نام سے کی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے اسلحہ، چھینا گیا موبائل فون اور نقد رقم برآمد ہوئی ہے جبکہ اس کے مجرمانہ ریکارڈ کے حوالے سے بھی تحقیقات جاری ہیں۔

دوسرا مبینہ پولیس مقابلہ سرسید تھانے کی حدود میں نارتھ کراچی سیکٹر بی-7 میں ہوا، جہاں پولیس نے دو مبینہ ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

دونوں زخمی ملزمان کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی شناخت نواز اور منصور کے ناموں سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز اور دیگر سامان برآمد کیا گیا ہے۔