عراق میں امریکی فوجی ہلاک؛ ایران جنگ میں مارے گئے امریکی اہلکاروں کی تعداد 17 ہوگئی

امریکی فوج نے ہلاک ہونے والے اہلکاروں کے اعزاز میں ایران پر انتہائی سخت حملے کیے ہیں


ویب ڈیسک July 20, 2026
ایران کے عراق پر ڈرون حملے میں امریکی فوجی ہلاک

عراق میں ایرانی ڈرون کے پھینکے گئے بارودی مواد کے پھٹنے سے امریکی فوج کا ایک اہلکار ہلاک ہوگیا۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ نے بتایا کہ عراق کے شمالی علاقے میں ایک گرائے گئے ایرانی حملہ آور ڈرون کے غیر پھٹے ہوئے دھماکا خیز مواد کو ناکارہ بنانے کی کوشش کے دوران دھماکا ہوگیا۔

امریکی فوج کے بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ اسی دوران ہونے والے کنٹرولڈ دھماکے میں ایک امریکی اہلکار جان کی بازی ہار گیا۔ جس کے بعد ایران کے ساتھ جاری جنگ میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد 17 تک پہنچ گئی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ 28 فروری سے ایران کے ساتھ جاری جنگ میں اب تک 420 سے زائد امریکی اہلکار زخمی اور کم از کم ایک فوجی تاحال لاپتا ہے۔

اس سے قبل اردن میں امریکی فوجی اڈے موفق السلطي ایئر بیس پر ایرانی حملے میں دو امریکی اہلکار ہلاک ہوئے تھے جبکہ ایک فوجی لاپتا قرار دیا گیا تھا۔

امریکی محکمہ دفاع نے حال ہی میں ہلاک ہونے والے دو اہلکاروں کی شناخت 25 سالہ ٹائلر جیمز فیہان اور 19 سالہ ازابیلا گونزالیز کے نام سے ظاہر کی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی فوجیوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اپنے فوجیوں کی قربانی رائیگاں نہیں جانے دے گا۔

انھوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ہم ایران کو کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے۔ امریکی فوج نے ہلاک ہونے والے اہلکاروں کے اعزاز میں ایران پر انتہائی سخت حملے کیے ہیں۔