یوئیفا صدر نے فیفا ورلڈکپ فائنل میں شرکت سے کیوں انکار کیا؟

یوئیفا نے فیفا کے اقدامات کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ فیفا نے ’سرخ لکیر عبور کرلی‘


اسپورٹس ڈیسک July 21, 2026

یوئیفا کے صدر الیگزینڈر چیفرن نے فیفا کے ساتھ بڑھتے ہوئے اختلافات کے باعث ورلڈکپ 2026 کے فائنل میں شرکت نہیں کی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق معاملے سے باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں عالمی اداروں کے درمیان ٹورنامنٹ کے دوران ڈسپلنری فیصلوں، ریفری انتظامات اور میچ آپریشنز سے متعلق متعدد معاملات پر شدید اختلافات پیدا ہوئے تھے۔

ذرائع کے مطابق سب سے بڑا تنازع فیفا کی جانب سے امریکی فارورڈ فولارین بالاگون کے ریڈ کارڈ کے باوجود خودکار ایک میچ کی پابندی مؤخر کرنے کے فیصلے پر سامنے آیا۔

یوئیفا نے اس اقدام کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ فیفا نے ’سرخ لکیر عبور کر لی‘۔

چیفرن کی عدم موجودگی کی ایک اور وجہ صومالی ریفری عمر عبدالقادر آرتان کا معاملہ بھی تھا جنہیں امریکا میں داخلے کی اجازت نہ ملنے کے باعث ورلڈ کپ میں فرائض کی ادائیگی کا موقع نہیں مل سکا۔ بعد ازاں انہیں اگست میں یوئیفا سپر کپ کا ریفری مقرر کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق یورپی حکام نے ایران سے متعلق میچوں کے انتظامی معاملات، لازمی ہائیڈریشن بریکس اور فائنل میں ہاف ٹائم کے دورانیے میں اضافے جیسے فیفا کے نئے فیصلوں پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ ورلڈکپ کے فائنل میں اسپین نے اضافی وقت میں ارجنٹائن کو 0-1 سے شکست دے کر عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا۔