کراچی، پولیس کے دو مقابلے، دو زخمی ڈاکو گرفتار، ایک ہلاک، کانسٹیبل بھی زخمی

ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں، موبائل فون، نقدی اور ایک موٹر سائیکل برآمد، پولیس


اسٹاف رپورٹر July 21, 2026

کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس کے دو مبینہ مقابلوں کے دوران دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار اور ایک ہلاک ہوگیا جبکہ ایک پولیس کانسٹیبل بھی ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہوا۔

پولیس کے مطابق پاکستان بازار تھانے کی ٹیم نے اورنگی کے علاقے الطاف نگر میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت عامر اور ارشد کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں، موبائل فون، نقدی اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی ہے۔

زخمی ڈاکوؤں کو فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ ان کے سابقہ کرمنل ریکارڈ کی جانچ بھی کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب کلری پولیس کا ماڑی پور روڈ پر بھی مبینہ ڈاکوؤں سے مقابلہ ہوا جہاں فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو مارا گیا۔

پولیس کے مطابق مقابلے کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے کانسٹیبل عبدالفیض زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔