ہری پور میں پولیس کی وردی استعمال کرکے سیاحوں اور سادہ لوح شہریوں کو لوٹنے والے سول ڈیفنس کے ایک رضاکار اہلکار کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ گروہ کے دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق بلال نامی ملزم خان پور کی حدود میں خود ساختہ ناکہ بندی کرکے سیاحوں اور عام شہریوں کو لوٹتا تھا، جس کے خلاف متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں، جس پر پولیس نے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار اہلکار اور اس کے دیگر ساتھیوں کا پولیس فورس سے کوئی تعلق نہیں، جبکہ تمام رضاکاروں کو سول ڈیفنس سے فارغ کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گروہ مختلف مقامات پر پولیس جیسی وردی پہن کر لوگوں کو لوٹنے کے ساتھ ساتھ انہیں ڈراتا دھمکاتا اور رقم بھی وصول کرتا تھا۔ پولیس نے گرفتار ملزم کو پابندِ سلاسل کر دیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کے خلاف بھی جلد کارروائی کی جائے گی۔