پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیرِ اہتمام نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں سینئر اور جونیئر انڈر 21 قومی ہاکی ٹیموں کے درمیان ایک انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز دوستانہ میچ کھیلا گیا، جس میں سینئر ٹیم نے 4-6 سے کامیابی حاصل کر لی۔
میچ کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ تیسرے کوارٹر کے اختتام تک دونوں ٹیمیں 4-4 گول سے برابر تھیں، تاہم چوتھے اور فیصلہ کن کوارٹر میں سینئر ٹیم نے اپنے تجربے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مزید 2 گول اسکور کرکے میچ اپنے نام کر لیا۔
میچ کی سب سے نمایاں بات جونیئرانڈر 21 ہاکی ٹیم کی شاندار اور قابلِ داد کارکردگی رہی۔ نوجوان کھلاڑیوں نے سینئر ٹیم کے خلاف بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا جس پر اسٹیڈیم میں موجود شائقینِ ہاکی نے انہیں زبردست داد دی اور ان کے کھیل کو بے حد سراہا۔
اس موقع پر صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن محی الدین احمد وانی اور انٹرنیشنل کوچنگ اسٹاف بھی موجود تھا، جنہوں نے دونوں ٹیموں کے کھیل کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور نوجوان کھلاڑیوں کے جذبے اور صلاحیتوں کی تعریف کی۔