پنجاب میں مون سون کی شدید بارش نے ایک بار پھر شہری نکاسی آب کے نظام کی استعداد پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں جہاں لاہور میں کئی اہم شاہراہیں اور نشیبی علاقے گھنٹوں زیر آب رہے، ٹریفک شدید متاثر ہوئی اور کھڑے پانی میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے ایک موٹر سائیکل سوار جان کی بازی ہار گیا جبکہ صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق مجموعی طور پر 17 افراد جاں بحق اور 107 زخمی ہوچکے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت پنجاب نے نکاسی آب کا عمل ریکارڈ وقت میں مکمل کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ بارش کے دوران شہر کے مختلف حصوں کی صورت حال ان دعوؤں سے مختلف دکھائی دی، لاہور میں لکشمی چوک، ایکسپو سینٹر روڈ، بادامی باغ، لارنس روڈ، صفانوالہ چوک، مدینہ کالونی اور دیگر علاقوں میں کئی فٹ پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
متعدد مقامات پر گاڑیاں بند ہو گئیں جبکہ آمدورفت کئی گھنٹے متاثر رہی، لکشمی چوک میں پانی اس قدر جمع ہو گیا کہ علاقہ سیلاب زدہ منظر پیش کرتا رہا جبکہ ایکسپو سینٹر روڈ پر بارش تھمنے کے بعد بھی پانی کی نکاسی میں تاخیر دیکھی گئی۔
لاہور میں بارش کے دوران ایک افسوس ناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب سڑک پر کھڑے پانی میں بجلی کی لٹکتی تار کے باعث ایک موٹر سائیکل سوار کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گئے، واقعے نے بارش کے دوران حفاظتی انتظامات اور بجلی کے نظام سے متعلق خدشات کو مزید بڑھا دیا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ، واسا، پی ڈی ایم اے اور دیگر اداروں نے نکاسی آب کا آپریشن کامیاب قرار دیا، حکومتی بیان کے مطابق 41 اضلاع میں عملہ اور مشینری متحرک رہی، تمام انڈر پاسز کو کلیئر کیا گیا اور بیشتر پانڈنگ ایریاز سے چند گھنٹوں میں پانی نکال کر ٹریفک بحال کر دی گئی۔
محکمہ آبپاشی کے مطابق دریائے چناب پر مرالہ بیراج میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کی آمد دو لاکھ 24 ہزار 496 کیوسک اور اخراج دو لاکھ 6 ہزار 496 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، قادرآباد بیراج پر بھی درمیانے جبکہ خانکی بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے تاہم دیگر دریاؤں اور بیراجوں پر صورت حال معمول کے مطابق بتائی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ رواں مون سون سیزن میں بارشوں سے متعلق مختلف حادثات میں اب تک 17 افراد جاں بحق اور 107 زخمی ہو چکے ہیں، اموات میں بوسیدہ عمارتیں گرنے، آسمانی بجلی گرنے اور کرنٹ لگنے کے واقعات شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب، کشمیر اور بالائی علاقوں میں مزید موسلا دھار بارشوں، شہری سیلاب، مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور مری و گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کا انتباہ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔