ایران کی مسلح افواج کے مشترکہ آپریشنل مرکز خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹر کے سربراہ میجر جنرل علی عبداللہی نے امریکا کو سخت الفاظ میں خبردار کیا ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق میجر جنرل عبداللہی نے کہا کہ اگر ایرانی شہریوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رہا تو ہر ایرانی شہید کے بدلے ایک امریکی فوجی کو جہنم بھیجا جائے گا۔
انھوں نے امریکی فوجیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تمہارے لیے جہنم کے مفت اور براہِ راست ٹکٹ تیار کر رکھے ہیں۔ یہ ایران کا میدانِ جنگ میں نیا اصول ہوگا اور اس پر عمل کیا جائے گا۔
میجر جنرل عبداللہی نے مزید کہا کہ ایران اپنی خودمختاری، قومی سلامتی اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور اگر امریکا نے دوبارہ کسی قسم کی فوجی کارروائی کی تو اسے پہلے سے زیادہ سخت جواب دیا جائے گا۔
خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹر کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی مسلح افواج ہر ممکن جارحیت کا بھرپور مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
تاحال امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون یا وائٹ ہاؤس کی جانب سے میجر جنرل عبداللہی کے تازہ بیان پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے امریکا اور ایران نے جنگ بندی کے خاتمے کا اعلان کرکے ایک دوسرے پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس کے باعث آبنائے ہرمز مکمل اور باب المندب جزوی طور پر بند ہونے کی وجہ سے پیٹرول کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔