فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین راشد محمود لنگڑیال نے کوہاٹ کے قریب کسٹمز انفورسٹمنٹ کی ٹیم پر حملے افسر و اہلکار کی شہادت کو المناک سانحہ قرار دیتے ہوئے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) راشد محمود لنگڑیال نے کہا کہ پاکستان کسٹمز کی انفورسمنٹ ٹیم پر کوہاٹ کے قریب بزدلانہ حملہ نہ صرف ایک المناک سانحہ ہے بلکہ پاکستان کی اقتصادی سلامتی کے محافظ اہلکاروں پر براہِ راست حملہ بھی ہے اورمیں اس واقعہ کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کسٹمز کے کانسٹیبل جواد احمد اور محکمہ ایکسائز کے اے ایس آئی ساجد الاسلام کی شہادت ایف بی آر، پاکستان کسٹمز اور وسیع تر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ایک عظیم نقصان ہے ۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان کسٹمز کو انتہائی رنج و غم کے ساتھ یہ اعلان کرنا پڑ رہا ہے کہ معمول کی انسدادِ اسمگلنگ ڈیوٹی انجام دینے والی پاکستان کسٹمز کی ایک انفورسمنٹ ٹیم پر مرکزی شاہراہ پر واقع کوہاٹ ٹول پلازہ کے قریب تقریباً رات 12:15 بجے نامعلوم دہشت گردوں نے حملہ کر دیا۔
حملے کے دوران پاکستان کسٹمز کے سپاہی جواد احمد اور محکمہ ایکسائز کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) ساجد الاسلام وطن کی خدمت کرتے ہوئے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے۔
پاکستان کسٹمز کے ایک اور اہلکار کانسٹیبل بصیر اللہ اس واقعہ میں زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ دہشت گردوں نے فرار سے قبل سرکاری انفورسٹمنٹ گاڑی کو بھی نذر آتش کردیا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس گھناوٴنے حملے میں ملوث عناصر کی شناخت، سراغ رسانی اور گرفتاری کے لیے جامع تلاش اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
اس افسوسناک واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) راشد محمود لنگڑیال نے کہا کہ پاکستان کسٹمز کی انفورسمنٹ ٹیم پر کوہاٹ کے قریب بزدلانہ حملہ نہ صرف ایک المناک سانحہ ہے بلکہ پاکستان کی اقتصادی سلامتی کے محافظ اہلکاروں پر براہِ راست حملہ بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اس واقعہ کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔ پاکستان کسٹمز کے کانسٹیبل جواد احمد اور محکمہ ایکسائز کے اے ایس آئی ساجد الاسلام کی شہادت ایف بی آر، پاکستان کسٹمز اور وسیع تر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ایک عظیم نقصان ہے۔
چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ شہید اہلکاروں کی جرات، فرض شناسی اور عظیم قربانی عوامی خدمت کی اعلیٰ ترین روایات کی عکاسی کرتی ہے۔ ایف بی آر سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہے اور ہدایت کی گئی ہے کہ انہیں ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے۔
انہوں نے کہا ہک ہم حملے میں زخمی ہونے والے کسٹمز کانسٹیبل بصیر اللہ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں اور ہدایت کی گئی ہے کہ انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں، ایف بی آر ملک بھر میں مشکل اور خطرناک حالات میں خدمات انجام دینے والے پاکستان کسٹمز کے ہر افسر اور اہلکار کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ یہ حملہ نہ ہمارے عزم کو کمزور کر سکتا ہے اور نہ ہی اسمگلنگ، منظم جرائم اور پاکستان کی اقتصادی سلامتی کو درپیش دیگر خطرات کے خلاف ہماری کارروائیوں میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔
راشد لنگڑیال نے کہا کہ ہم اپنی فیلڈ فارمیشنز کی سلامتی، فلاح و بہبود اور آپریشنل معاونت کو مزید مضبوط بناتے رہیں گے ہمارے شہداء کی قربانیاں پاکستان کسٹمز کی تاریخ کا ہمیشہ زندہ رہنے والا باب رہیں گی، ان کی بہادری ہمارے اہلکاروں کے لیے مشعلِ راہ بنی رہے گی، جو قانون کی بالادستی قائم رکھنے اور ملک کی اقتصادی سرحدوں کے تحفظ کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں پاکستان کسٹمز شہید سپاہی جواد احمد اور شہید اے ایس آئی ساجد الاسلام کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے، جن کی جرات، عزم اور فرض شناسی عوامی خدمت کی اعلیٰ روایات کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسمگلنگ کے خلاف جنگ اور پاکستان کی اقتصادی سرحدوں کے تحفظ کے دوران ان کی شہادت قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے شہید سپاہی جواد احمد کی نمازِ جنازہ کسٹمز ہاوٴس پشاور میں صبح 9:30 بجے ادا کی گئی نمازِ جنازہ کے بعد ان کے جسدِ خاکی کو مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین کے لیے آبائی علاقے روانہ کیا جائے گا۔
شہید اے ایس آئی ساجد الاسلام کی نمازِ جنازہ اور تدفین کے انتظامات کا اعلان محکمہ ایکسائز کی جانب سے کیا جائے گاپاکستان کسٹمز دونوں شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہے اور کانسٹیبل بصیر اللہ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہے ادارہ اس غم کی گھڑی میں شہدا کے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے پاکستان کسٹمز اسمگلنگ اور ہر قسم کے منظم جرائم کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا۔