باجوڑ میں تلی ڈیم کے قریب بم دھماکا، دو افراد جاں بحق

پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، حکام


علی مراد July 25, 2026
فوٹو: ایکسپریس

خیبرپختوںخوا کے علاقے باجوڑ میں تلی ڈیم کے قریب  بم دھماکے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔

ڈی ایس پی جمال شاہ کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے دھماکے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں تاہم ریسکیو ٹیمیں، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق شہدا میں سے ایک کا جسد خاکی ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال خار منتقل کر دیا گیا ہے اور  دوسرے کی تلاش تلی ڈیم کے پانی میں جاری ہے، ریسکیو اہلکار سرچ آپریشن میں مصروف ہیں اور ڈیم میں تلاش کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ شہید ہونے والوں میں سلیمان قاری فقیر سکنہ تلے اور غلام سبحان شامل ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ ایس ایچ او باچا رحمان کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی ہے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سیکیورٹی سخت کر دی ہے اور شواہد اکٹھے کرنے اور واقعے کی نوعیت جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ واقعے کی وجوہات اور جاں بحق افراد کی شناخت سے متعلق مزید معلومات سامنے آنے کا انتظار ہے، پولیس اور متعلقہ ادارے مختلف پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔