کراچی:
بن قاسم ٹاؤن تھانے کی حدود میں نامعلوم مسلح ملزمان نے رکشا پر فائرنگ کردی نتیجے میں رکشا سوار 3 افراد زخمی ہوگئے جنہیں جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق زخمی افراد کی شناخت 16 سالہ رستم علی ولدیت محمد اعجاز، 20 سالہ عرفان ولد عارف اور 45 سالہ منٹھار ولد منگل خان کے ناموں سے کی گئی۔
ایس ایچ او بن قاسم فیصل رفیق کے مطابق زخمی افراد مزدور ہیں، دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح ملزمان نے انہیں روکنے کی کوشش کی جس پر رکشا ڈرائیور نے ایک موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے باعث موٹر سائیکل سوار ملزمان گرگئے جبکہ دوسری موٹر سائیکل پر سوار مسلح ملزمان نے رکشا پر فائرنگ کردی، واقعہ ڈکیتی مزاحمت پرپیش آیا یا پھر ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے تفتیش جاری ہے۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اسٹیل مل پل کے قریب پیش آیا اور فائرنگ موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح ڈاکوؤں کی جانب سے کی گئی۔ نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوئے، پولیس واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔