آزاد کشمیر کے عوام حق ملکیت اور حق حکمرانی مانگ رہے ہیں، شازیہ مری

بلاول بھٹو زرداری ایک نوجوان لیڈر کی حیثیت سے کشمیر میں نئی سوچ کے ساتھ موجود ہیں، رکن قومی اسمبلی


اسٹاف رپورٹر July 26, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

رکن قومی اسمبلی اور مرکزی رہنما پاکستان پیپلز پارٹی شازیہ عطا مری نے این جے وی اسکول میں مہیش وری کمیونٹی کے تحت ہیلتھ کونسل کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام حق ملکیت اور حق حکمرانی مانگ رہے ہیں۔

شازیہ عطا مری نے کہا کہ کشمیر کے انتخابات سیاسی جماعتوں کی آپس میں نہیں بلکہ عوام کے سامنے آزمائش ہیں۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ایک نوجوان لیڈر کی حیثیت سے کشمیر میں نئی سوچ کے ساتھ موجود ہیں۔ ان کی انتخابی مہم میں تمام باتیں کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے کم عمر ترین وزیر خارجہ کی حیثیت سے پاکستان کا کیس بہت احسن طریقے سے دنیا کے سامنے پیش کیا۔ 2022 کے سیلاب میں انہوں نے دنیا کو باور کرایا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کا دنیا کو بھی سامنا کرنا پڑے گا۔

پاکستان دنیا میں ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ سرِفہرست ملکوں میں سے ایک ہے۔رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ دنیا کے بڑے ممالک ماحولیاتی تحفظ کے قوانین کی دھجیاں بکھیر رہے ہیں لیکن پاکستان جیسے ملکوں کی مدد یا توجہ دینے کو تیار نہیں ہیں۔

شازیہ عطا مری نے کہا کہ کشمیر کے عوام کو ہسپتال، بسیں اور ایئرپورٹ دینا کوئی تحفہ نہیں۔ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ کشمیر کے عوام کو حق ملکیت، حق حکمرانی اور حق روزگار دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے کشمیر کے لیے مصالحتی کمیشن کی تجویز دی ہے۔ کمیشن کا مقصد یہ بنانا ہے کہ سزا و جزا کس طرح کی جائے۔

کسی کو ناحق سزا نہ ملے اور نہ ہی کسی انتشار پھیلانے والے کو بڑھاوا ملے۔ شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ مہیشوری کمیونٹی کے تحت نوجوانوں کی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے پلیٹ فارم کی فراہمی خوش آئند ہے۔

شازیہ عطا مری نے کہا کہ مہیشوری کمیونٹی کے تحت نوجوانوں کے لیے یو این پارلیمنٹ کی طرز پر اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس اجلاس میں سندھ کے 13 شہروں سے 250 سے زائد نوجوانوں نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا اثاثہ ہیں اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے اس طرز کی سرگرمیوں کا انعقاد ناگزیر ہے۔