خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی نئی مراعات اور استثنیٰ کی تفصیلات سامنے آگئیں

دونوں گرفتاری سے مستثنیٰ ہوں گے، ان کے گھر چھاپے کی اجازت نہیں ہوگی، سرکاری کاموں کے لیے ہیلی کاپٹر استعمال کرسکیں گے


اسٹاف رپورٹر July 27, 2026

پشاور:

خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی مراعات کے نئے قانون کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، انہیں کیا کیا مراعات حاصل ہیں تفصیلات سامنے آگئیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی مراعات اور تنخواہوں میں اضافے جب کہ استثنی دینے کا ایکٹ مںظور کیا تھا جس کے مطابق اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو دو سرکاری گاڑیاں رکھنے کا استحقاق حاصل ہوگا،  بیرون ملک سفر کے دوران بچوں کے ٹکٹ بھی سرکار ادا کرے گی۔

نئے ایکٹ کے مسودے میں بتایا گیا ہے کہ ان دونوں کو سرکاری امور کے لیے ہیلی کاپٹر کے استعمال کا اختیار ہوگا، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر گرفتاری سے مستثنیٰ ہوں گے، ان کے گھر کسی بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے کو تلاشی لینے، داخل ہونے یا چھاپہ مارنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

مسودے میں بتایا گیا ہے کہ اسپیکر اگلی اسمبلی کے منتخب کردہ اسپیکر کے انتخاب تک سرکاری رہائش گاہ استعمال کرسکیں گے، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی تنخواہوں میں اضافے کا اختیار فنانس کمیٹی کرے گی، حادثے میں فوت ہونے کی صورت میں اسپیکر اور ڈپٹی کے وارثین کو منظور شدہ پیکیج دیا جائے گا، اسپیکر کو بلٹ پروف گاڑی سمیت تین گاڑیاں اور ڈپٹی اسپیکر کو دو گاڑیاں رکھنے کا اختیار حاصل ہوگا۔