خیبرپختونخوا کی 9 رکنی کوہ پیما ٹیم نے 6050 میٹر بلند تھلو زوم چوٹی سر کرلی

کوہ پیماؤں نے تقریباً آٹھ گھنٹے کی مسلسل چڑھائی کے بعد تھلو زوم کی چوٹی سر کی


اسپورٹس ڈیسک July 28, 2026

خیبرپختونخوا کی 9 رکنی کوہ پیماؤں کی ٹیم نے 6050 میٹر بلند تھلو زوم چوٹی کامیابی سے سر کرلی۔

خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی کے مطابق آٹھ روزہ دشوار گزار مہم کے بعد خیبرپختونخوا کے کوہ پیماؤں نے تھلو زوم پر قومی پرچم لہرا دیا۔ مہم کا آغاز 9 جولائی کو ہوا جبکہ ٹیم نے 17 جولائی کو چوٹی سر کی۔

تھلو زوم ہندوکش پہاڑی سلسلے کی مشکل ترین اور کم سر کی جانے والی چوٹیوں میں شامل ہے۔

کوہ پیماؤں نے کمراٹ اور چترال کے دشوار گزار راستوں، گلیشیئرز اور برفانی دراڑوں کو عبور کیا۔ مشکل ترین حصوں پر آئس اسکروز نصب کر کے پیش قدمی کی گئی۔

کوہ پیماؤں نے تقریباً آٹھ گھنٹے کی مسلسل چڑھائی کے بعد تھلو زوم کی چوٹی سر کی۔

مہم میں خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے 9 کوہ پیما شریک تھے۔ ٹیم میں روح اللہ، عمر خان، انتخاب خان، نعمان سمیع، عزت اللہ شاہ، سعید اختر، نعیم خان، فواد خان اور رواز علی شامل تھے۔

کوہ پیماؤں نے کامیاب مہم پر خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ  خیبر پختونخوا کی تکنیکی معاونت سے چوٹی سر کرنے میں مدد ملی۔

یہ کامیابی خیبر پختونخوا میں ٹیکنیکل ماؤنٹینئرنگ کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔

تھلو زوم کو پہلی مرتبہ 1971 میں آسٹریلیا جبکہ 2019 میں  اطالوی کوہ پیمائوں نے سر کیا تھا۔