کراچی میں گاڑی سے ملنے والی نامعلوم لاش کس کی نکلی؟ شناخت ہوگئی

ایک روز قبل اہل خانہ نے پہچاننے سے انکار کیا تھا جس کے بعد پولیس نے جدید ٹیکنالوجی سے شناخت ممکن بنائی


شاہ میر خان July 28, 2026

سرجانی ٹاؤن کے علاقے شاہ بیگ گوٹھ میں پیر کے روز کار سے ملنے والی جزوی طور پر جلی ہوئی لاش کی پولیس نے جدید  ٹیکنالوجی کی مدد سے شناخت کرلی۔

ابتدائی طور پر کار سے ملنے والی دستاویزات، موبائل فون اور گاڑی کی بنیاد پر مقتول کی شناخت 42 سالہ ذیشان ناز ولد عبدالغفور کے نام سے کی گئی تھی  تاہم اہلخانہ نے لاش کو ذیشان ناز کی قرار دینے سے انکار کرتے ہوئے صرف برآمد ہونے والے سامان کی شناخت کی تھی۔

ویسٹ پولیس کے مطابق مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کے دوران بائیو میٹرک ڈیوائس اور دیگر ٹیکنیکل ذرائع استعمال کیے گئے، جن کی مدد سے مقتول کی اصل شناخت 38 سالہ قربان حسین ولد غلام صابر خان کے نام سے ہوئی۔

بعد ازاں پولیس نے مقتول کے اہلخانہ کا سراغ لگا کر انہیں واقعے سے آگاہ کیا، جس پر مقتول کی اہلیہ سکینہ بی بی نے لاش کی شناخت کرلی۔ پولیس کے مطابق مقتول کا تعلق پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ سے تھا، جبکہ وہ کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر 7-A میں اپنی اہلیہ کے ہمراہ رہائش پذیر تھا اور صفائی کا کام کرتا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کار سے برآمد ہونے والے موبائل فون اور دستاویزات سے تعلق رکھنے والے شخص کی تلاش جاری ہے، جبکہ واقعے کا مقدمہ قتل کی دفعات کے تحت درج کرکے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کردیا گیا ہے۔

ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ویسٹ کے مطابق واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ 

پولیس کے مطابق برآمد ہونے والے موبائل فون اور دستاویزات سے منسلک چاول کے تاجر ذیشان ناز کی تلاش جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق ذیشان نامی تاجر پر الزام ہے وہ کاروباری مارکیٹ کے تاجروں کا پچاس کروڑ کا قرض دار ہے۔ پولیس نے غلط بیانی اور متضاد بیانات پر ذیشان ناز کی اہلیہ کو شامل کرلیا ہے۔

واضح رہے گزشتہ روز (پیر) کو لاپتہ تاجر ذیشان کی اہلیہ نے کار سے ملنے والی لاش کو اپنے شوہر ذیشان کے نام سے شناخت کیا تھا جو بعد میں غلط ثابت ہوئی۔