شہر قائد کے علاقے سہراب گوٹھ کے علاقے مچھر کالونی میں واقع نور اسلام مسجد کے قریب کھلے نالے میں گرکر ایک کمسن بچہ لاپتہ ہوگیا جبکہ اُس کو بچانے کی کوشش کرنے والا شخص جاں بحق ہوگیا۔
ترجمان 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں کو طلب کیا گیا۔ تاہم ریسکیو ٹیموں کے پہنچنے سے قبل بچے کو بچانے کی کوشش کرنے والا ایک نوجوان بھی ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔
ترجمان ریسکیو 1122 سندھ کے مطابق سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول کو نالے میں بچے کے گرنے کی اطلاع موصول ہوتے ہی واٹر ریسکیو وہیکل، غوطہ خوروں اور ایمبولینس پر مشتمل ٹیم کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا۔
ریسکیو کارروائی کے دوران بچے کو بچانے کی کوشش کرنے والا ایک شخص بھی نالے میں ڈوب گیا۔ ریسکیو 1122 کی واٹر ریسکیو ٹیم نے ڈوبنے والے نوجوان کی لاش نالے سے نکال لی، جبکہ لاپتا بچے کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن مسلسل جاری ہے۔
ایدھی حکام کے مطابق بچے کو بچانے کیلئے نالے میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 17 سالہ گلاب ولد منظور کے نام سے ہوئی، جس کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی۔
لاپتا بچے کی شناخت چار سالہ شاویز ولد جاوید کے نام سے ہوئی ہے، جس کی تلاش کے لیے ریسکیو اہلکار نالے میں سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔