سندھ میں گندم کی نئی اقسام کی تیاری کیلئے لیبارٹری قائم

لیبارٹری میں زیادہ پیداوار دینے والی گندم کی نئی اقسام تیار کی جائیں گی، وزیر زراعت


اسٹاف رپورٹر July 29, 2026

کراچی:

سندھ حکومت نے گندم کی نئی اقسام کی تیاری کے لیے ٹنڈو جام میں پہلی اسپیڈ بریڈنگ لیبارٹری قائم کردی۔

وزیر زراعت سندھ سردار محمد بخش مہر نے کہا ہے کہ جدید اسپیڈ بریڈنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے کم مدت میں تیار ہونے والی، زیادہ پیداوار دینے والی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات برداشت کرنے والی گندم کی نئی اقسام تیار کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اس جدید لیبارٹری میں ایسی گندم کی اقسام کی تیاری پر توجہ دی جائے گی جو گرمی، خشک سالی اور مختلف بیماریوں کا بہتر مقابلہ کرسکیں اور سندھ کے مختلف علاقوں کے موسمی حالات سے مطابقت رکھتی ہوں۔

سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ تحقیق کا بنیادی مقصد ایسی گندم کی نئی اور بہتر اقسام تیار کرنا ہے جو کم وقت میں تیار ہوں اور فی ایکڑ زیادہ پیداوار دیں، جس سے کاشتکاروں کی آمدن میں اضافہ اور زرعی پیداوار میں بہتری آئے۔

وزیر زراعت نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے، گندم کی پیداوار بڑھانے اور کاشتکاروں کو زیادہ فائدہ پہنچانے کے لیے جدید زرعی تحقیق ناگزیر ہے۔ گندم کی نئی اقسام کی تیاری سے صوبے میں غذائی تحفظ مزید مضبوط ہوگا اور مستقبل میں کاشتکاروں کو زیادہ منافع بخش اور پائیدار پیداوار حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

سردار محمد بخش مہر نے محکمہ زراعت کے ریسرچ ونگ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ زرعی تحقیق کے اداروں کو مزید مضبوط بنانے اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے مسلسل اقدامات کررہی ہے۔