لاہور: پی ٹی آئی رہنما کو قتل کرنے والے ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

فوٹیج  کے مطابق دو نوں شوٹر کو کلینک کے باہر موٹرسائیکل کھڑا کرتا دیکھا جا سکتا ہے


سید مشرف شاہ July 29, 2026

لاہور کی غالب مارکیٹ کے علاقے میں پی ٹی آئی کے رہنما عبداللہ طاہر کے قتل کے مقدمے کی تفتیش جاری ہے جبکہ واردات میں ملوث ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے جس میں انہیں کلینک کے باہر موٹر سائیکل کھڑی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

فوٹیج میں ملزمان کو واردات سے قبل اور بعد میں بازار سے موٹر سائیکل پر گزرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دونوں شوٹروں کو کلینک کے باہر موٹرسائیکل کھڑی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

دونوں ملزمان نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے موٹرسائیکل سے اترنے کے بعد بھی ہیلمٹ نہیں اتارے اور ہیلمٹ پہنے ہوئے ہی کلینک کے اندر داخل ہوئے، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کئے۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی شواہد کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔

ایس ایچ او غالب مارکیٹ رانا اویس کے مطابق مقتول عبداللہ طاہر کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہے۔ مزید قانونی کارروائی جاری ہے قتل کے محرکات اور دیگر پہلوؤں پر مختلف زاویوں سے تحقیقات کی جارہی ہے۔

اے ایس پی انویسٹی گیشن سرکل بریرہ کے مطابق سابقہ دشمنی اور مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے جلد ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کر لیا جائے گا۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور سید ذیشان رضا کا کہنا تھا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہے ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے گی۔