آزاد کشمیر میں دوسرے مرحلے کے انتخابات دو اگست کو ہوں گے

مظفرآباد ڈویژن کے 9 عام انتخابی حلقوں کے ساتھ مہاجرین کی 12 نشستوں پر بھی پولنگ ہوگی


وقاص احمد July 29, 2026

اسلام آباد:

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کا دوسرا مرحلہ دو اگست کو ہوگا جس میں مظفرآباد ڈویژن کے عام انتخابی حلقوں کے ساتھ مہاجرین کی 12 نشستوں پر بھی پولنگ ہوگی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دوسرے مرحلے میں دارالحکومت مظفرآباد سمیت وادی نیلم، باغ اور مہاجرین جموں و ویلی کی 21 نشستوں پر سیاسی میدان سج گیا، 17لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 عام نشستیں اور جموں و ویلی مہاجرین کی 12 نشستیں شامل ہیں۔

دارالحکومت مظفرآباد ایک مرتبہ پھر سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن چکا ہے، جہاں گلیاں، بازار، چوک اور انتخابی دفاتر جلسوں، کارنر میٹنگز اور انتخابی مہم سے گونج رہے ہیں۔

سرسبز وادی نیلم بھی انتخابی سرگرمیوں سے بھرپور ہے۔ نیلم کے دو حلقےLA-25 نیلم و ن اور LA-26 نیلم ٹو بھی دوسرے مرحلے میں ووٹ ڈالیں گے، جہاں عوام اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لیے پولنگ اسٹیشنوں کا رخ کریں گے۔

مظفرآباد ضلع کی 5نشستیں سیاسی معرکے کا سب سے بڑا میدان بنیں گی۔LA-27 مظفرآباد ون، LA-28 مظفرآباد ٹو، LA-29 مظفرآباد تھری، LA-30 مظفرآباد فور، LA-31 مظفرآباد فائیو۔ یہ وہ حلقے ہیں جہاں تمام بڑی سیاسی جماعتوں نے اپنی تمام تر توانائیاں جھونک دی ہیں اور ہر امیدوار فتح کے لیے پرامید دکھائی دیتا ہے۔

جہلم ویلی کی دو نشستیںLA-32 اور LA-33 بھی انتخابی منظرنامے میں خصوصی اہمیت اختیار کر چکی ہیں ان حلقوں میں بھی امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

صرف آزاد کشمیر ہی نہیں بلکہ پاکستان میں مقیم مہاجرین بھی اس انتخابی مرحلے کا اہم حصہ ہوں گے۔ جموں مہاجرین کی چھ نشستیںLA-34 سے LA-39 اور ویلی مہاجرین کی چھ نشستیںLA-40 سے LA-45بھی دو اگست کو پولنگ کے ذریعے اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گی۔ یہ بارہ نشستیں آزاد کشمیر کی آئندہ حکومت کی تشکیل میں فیصلہ کن کردار ادا کر سکتی ہیں، اسی لیے سیاسی جماعتوں کی نظریں ان حلقوں پر بھی مرکوز ہیں۔

دوسرے مرحلے میں مجموعی طور پر 25 نشستوں پر ووٹنگ ہوگی، جبکہ الیکشن کمیشن نے انتخابی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ ووٹرز بلا خوف و خطر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں اور انتخابی عمل آزاد، شفاف اور پْرامن انداز میں مکمل ہو۔