کراچی، گلشن اقبال میں پولیس موبائل پر حملے میں 2 اہلکار زخمی

واقعہ گلشن اقبال بلاک 5 میں پیش آیا، وزیر داخلہ اور آئی جی سندھ کا نوٹس، فائرنگ کے ساتھ دھماکا بھی ہوا، عینی شاہد


شاہ میر خان July 29, 2026

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں پولیس موبائل پر حملے میں سی ٹی ڈی کے دو اہلکار زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گلشن اقبال بلاک فائیو یونیورسٹی روڈ پر پولیس موبائل پر موٹر سائیکل سوار افراد نے کریکر حملہ کیا اور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔

واقعے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ معلوم ہوا کہ دونوں سی ٹی ڈی ڈیپارٹمنٹ میں تعینات ہیں۔

واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری اور کرائم سین یونٹ نے وقوعہ پر پہنچ کر جائزہ لیا جبکہ شواہد اکھٹے کرلیے، اس کے علاوہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے گلشنِ اقبال میں پولیس موبائل پر فائرنگ کے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

وزیرداخلہ نے زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات کی فوری فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کا حکم دیا۔

انہوں نے کہا کہ جائے وقوعہ اور اطراف کے علاقوں کی فوری ناکہ بندی کرکے فرار ملزمان کی تلاش تیز کی جائے جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج، جدید ٹیکنالوجی اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ پولیس اہلکاروں پر حملہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے، ملوث عناصر کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ زخمی اہلکاروں کی بہادری قابلِ تحسین ہے، سندھ حکومت پولیس فورس کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر منطقی انجام تک پہنچایا جائے،کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ واقعے کی تحقیقات تمام پہلوؤں سے کرکے جملہ پیش رفت سے مسلسل آگاہ رکھا جائے۔

اُدھر آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے پوئے ایڈشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

آئی جی سندھ نے جائے وقوعہ کو فوری طور پر سیل کرکے تمام شواہد محفوظ بنانے، واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کرنے اور ذمہ دار عناصر کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لانے کے بھی احکامات دیے۔

عینی شاہدین نے پولیس حکام کو بتایا کہ  فائرنگ کے ساتھ زور دار دھماکے کی آواز بھی سنی گئی۔