کراچی، دو مختلف واقعات میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی

زخمی کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا


اسٹاف رپورٹر July 29, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات میں ایک نوجوان زخمی جبکہ ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

لانڈھی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان زخمی ہوگیا،جبکہ منگھوپیر میں نامعلوم ملزمان نے رکشا میں سوار شخص کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق قائدآباد کے علاقے لانڈھی اسپتال چورنگی، آزاد ہوٹل کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 18 سالہ عبدالخالق ولد محمد صالح زخمی ہوگیا۔

زخمی کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی تلاش کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب منگھوپیر کے علاقے محمد خان کالونی گلشن چوک کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے رکشا میں سوار 30 سالہ شوکت علی ولد افضل خان جاں بحق ہوگیا۔

مقتول کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ شوکت علی کو ذاتی رنجش کی بنا پر نشانہ بنایا گیا۔

ملزمان واردات کے بعد فرار ہوگئے جبکہ پولیس مختلف پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔