کراچی، واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 3 افراد زخمی، مشتعل افراد نے واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی

واٹرٹینکر نے نیپا پل پر موٹرسائیکل سوار کو ٹکر مار کر زخمی کیا تھا


اسٹاف رپورٹر July 30, 2026

کراچی:

یونیورٹی روڈ پر واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 3 افراد زخمی ہوگئے ، مشتعل افراد نے واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی، حادثے کا ذمے دار ٹینکر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔

عزیز بھٹی کے علاقے یونیورسٹی روڈ نیپا چورنگی کے قریب مشتعل افراد نے واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی۔ 

واقعے کی اطلاع ملنے پر عزیز بھٹی تھانے کی پولیس موقع پر پہنچ گئی ، ایس ایچ او عزیز بھٹی انسپکٹر انصر بٹ نے بتایا کہ واٹرٹینکر نے نیپا پل پر موٹرسائیکل سوار کو ٹکر مار کر زخمی کیا تھا۔

جس کے بعد چند شرپسند عناصر نے اس کا تعاقب کیا اور کچھ فاصلے پر جا کر واٹرٹینکر کو روک لیا اور آگ لگا دی تاہم اس دوران واٹر ٹینکر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ 

پولیس نے موقع پر پہنچ کر اسی واٹر ٹینکر کے پانی سے آگ کو بجھا دیا جبکہ ٹینکر سے ملزم ڈرائیور کو موبائل فون اور ٹینکر قبضے میں لے کر تھانے منتقل کر دیا۔ 

عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ حادثہ کا شکار شخص معمولی زخمی ہوا تھا۔

ترجمان ایدھی کے مطابق حادثے میں موٹرسائیکل پر سوار تین افراد زخمی ہوئے تھے جنہیں فوری طور پر المصطفیٰ اسپتال لے جایا گیا تھا جہاں سے ابتدائی طبی امداد کے بعد جناح اسپتال منتقل کیا گیا ۔