فیفا کا نجی سرمایہ کاری منصوبے کی شدید مخالفت کے باوجود مشاورت جاری رکھنے کا اعلان

میڈیا رپورٹس نے مشاورتی عمل کو متاثر کیا، رکن ممالک کو حقائق کی بنیاد پر اپنی رائے دینے کا مکمل موقع دیا جائے گا، فیفا


اسپورٹس ڈیسک July 31, 2026

فیفا نے نجی سرمایہ کاری منصوبے کی شدید مخالفت کے باوجود اس معاملے پر مشاورت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فیفا نے اپنے عالمی مقابلوں میں نجی سرمایہ کاروں کو حصص فروخت کرنے کے مجوزہ منصوبے پر سامنے آنے والے شدید ردعمل کے بعد کہا ہے کہ اس معاملے پر رکن ممالک سے مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے گا۔

یورپی فٹبال کی تنظیم یوئیفا سے وابستہ 55 رکن ایسوسی ایشنز نے خبردار کیا ہے کہ اگر یہ منصوبہ آگے بڑھایا گیا تو وہ ورلڈ کپ کے بائیکاٹ پر غور کریں گی۔

دوسری جانب شمالی اور وسطی امریکا کی کنفیڈریشن کونکاکاف کی 41 رکن ایسوسی ایشنز نے بھی اس تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔

فیفا کا کہنا ہے کہ بعض میڈیا رپورٹس نے مشاورتی عمل کو متاثر کیا تاہم تمام رکن ممالک کو حقائق کی بنیاد پر اپنی رائے دینے کا مکمل موقع دیا جائے گا۔

عالمی ادارے نے واضح کیا کہ ’فٹبال کو فروخت نہیں کیا جا رہا‘ بلکہ ایک نئی تجارتی ذیلی کمپنی ’فیفا فارورڈ انٹرپرائز‘ قائم کرنے کی تجویز ہے جو ورلڈ کپ سمیت بڑے ایونٹس کے تجارتی معاملات سنبھالے گی۔

اس کمپنی میں بیرونی سرمایہ کار صرف اقلیتی اور غیر کنٹرولنگ حصص خرید سکیں گے۔

اس منصوبے کی منظوری کے لیے فیفا کے 211 رکن ممالک میں سے کم از کم 106 ووٹ درکار ہوں گے۔ یوئیفا اور کونکاکاف کی مجموعی 96 ایسوسی ایشنز کی مخالفت کے باعث اس تجویز کی منظوری کو بڑا چیلنج درپیش ہے۔