سندھ کے کالج اساتذہ کا صبر جواب دے گیا اور انہوں نے11 اگست کو وزیراعلیٰ ہاؤس یا سندھ سیکریٹریٹ کے سامنے دھرنے کا عندیہ دے دیا۔
یہ اعلان کالج اساتذہ کی نمائندہ تنظیم سپلا کی جانب سے کیا گیا اور کہا گیا ہے کہ گریڈ 18، 19 اور 20 میں سینکڑوں اسامیاں خالی ہونے کے باوجود ترقیوں میں تعطل افسوسناک ہے۔
سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن (سپلا) کی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس مرکزی صدر پروفیسر منور عباس کی صدارت میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں تینوں رینجز کے صدور، سیکرٹریز اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی اور شرکا نے سندھ بھر کے کالج اساتذہ اور ملازمین میں پائی جانے والی شدید بددلی اور مایوسی پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ میں گریڈ 18، 19 اور 20 کی سینکڑوں اسامیاں طویل عرصے سے خالی پڑی ہیں مگر حکومت سندھ ٹال مٹول سے کام لے کر اساتذہ کو ان کے جائز حق سے محروم کر رہی ہے۔
شرکا نے کہا کہ لیکچررز کو 14 سال گزرنے کے باوجود اگلے گریڈ میں ترقی نہیں دی گئی جبکہ 14 جولائی کو ہونے والی ڈی پی سی (DPC) کو بھی ہوا میں لٹکایا ہوا ہے جبکہ سینیارٹی لسٹوں کا بہانہ بنا کر اسسٹنٹ پروفیسرز کو گریڈ 19 میں ترقی دینے سے روکا ہوا ہے اور گریڈ 20 کی 80 فیصد جگہیں خالی ہونے کے باوجود وزیراعلیٰ سندھ کی مصروفیات کا عذر پیش کر کے بورڈ ون کا اجلاس بار بار مؤخر کیا جا رہا ہے۔
سپلا کے رہنماؤں نے واضح کیا کہ جائز حقوق کی فراہمی تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا اور اس حوالے سے مندرجہ ذیل لائحہ عمل طے کیا گیا ہے۔
سپلا کا اعلیٰ سطح کا وفد مرکزی صدر کی قیادت میں سیکرٹری کالجز اور دیگر اعلیٰ حکام سے رابطہ کر کے ترقیوں کا عمل فوری بحال کرانے کی کوشش کرے گا۔
مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں کالجز کھلتے ہی احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا، اس کے بعد 3 اگست کو کراچی ریجن جبکہ 5 اگست کو حیدرآباد ریجن اور 6 اگست کو سکھر ریجن میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے اور اساتذہ بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر تدریسی عمل جاری رکھیں گے۔
سپلا نے کہا کہ تمام مراحل کے باوجود مطالبات پر عمل نہ ہونے کی صورت میں11 اگست کو سندھ بھر کے کالج اساتذہ وزیراعلیٰ ہاؤس یا سندھ سیکریٹریٹ کے سامنے دھرنا دیں گے، جس میں سول سوسائٹی اور ملازمین کی تنظیموں کو بھی دعوت دی جائے گی۔
اجلاس میں تنظیمی امور پر بھی تفصیلی غور کیا گیا اور سپلا کے آئین کے تحت اگست سے نئی ممبرشپ اور یونٹ الیکشنز کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس کے علاوہ، الیکشن کمیٹیز اور دیگر امور پر غور کے لیے سپلا کی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کا اگلا اجلاس 15 اگست کو سکھر/کراچی میں طلب کیا گیا ہے۔