کراچی: پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کی زد میں آکر سبزی فروش زندگی کی بازی ہار گیا

مقتول کی شناخت 45 سالہ آصف ولد حفیظ کے نام سے کی گئی


اسٹاف رپورٹر July 31, 2026

کراچی:

کھارادر جوڑیا بازار کے قریب پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کی زد میں آکر سبزی فروش زندگی کی بازی ہار گیا ، پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ مقتول ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوا ہے ، رواں سال کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق شہریوں کی مجموعی تعداد 45 ہوگئی ۔

تفصیلات کے مطابق جوڑیا بازار میڈیسن مارکیٹ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش سول اسپتال لیجائی گئی جہاں مقتول کی شناخت 45 سالہ آصف ولد حفیظ کے نام سے کی گئی۔

 اس حوالے سے ایس ایچ او کھارادر پون کمار کا کہنا تھا کہ واقعہ ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران پیش آیا ہے جس میں شہری ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا ، ایس ایچ او میٹھادر بھائی خان نے بتایا کہ موٹر سائیکل سوار 2 ڈاکوؤں نے لائٹ ہاؤس کے قریب شہریوں سے لوٹ مار کی واردات کی تھی۔

 اس دوران پولیس پارٹی موقع پر پہنچ گئی اور ڈاکوؤں کا تعاقب کیا جو کھاردار تھانے کی حدود میں پہنچ گئے وہاں پر پولیس کا ڈاکوؤں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور قریب کھڑا سبزی فروش ڈاکوؤں کی فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا جبکہ دونوں ڈاکو موقع سے فرار ہوگئے جن کی تلاش کا عمل جاری ہے۔

پولیس سی سی ٹی وی کیمروں کو تلاش کر کے ان کی فوٹیجز حاصل کرنے کی کوششیں میں مصروف ہے، مقتول آصف جوڑیا بازار کا رہائشی بتایا جاتا ہے ۔