دبئی: پی آئی اے کی پرواز پی کے 212 میں ہنگامہ آرائی، متعدد مسافر زیر حراست

ایک مشتعل مسافر نے جہاز کی کھڑکی بھی توڑ دی جس کے باعث طیارے کو گراؤنڈ کردیا گیا


ویب ڈیسک August 01, 2026

دبئی سے اسلام آباد آنے والی قومی ایئرلائن کی پرواز پی کے 212 آپریشنل تاخیر اور سیکیورٹی صورتحال کے باعث ہنگامہ آرائی کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں متعدد مسافروں کو حراست میں لے لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ رات خطے کی صورتحال کے پیش نظر دبئی ایئرپورٹ حکام نے تمام پروازوں کی روانگی کے درمیان 10، 10 منٹ کا وقفہ رکھنا شروع کیا، جس کے باعث پرواز پی کے 212 روانگی کے لیے تیار ہونے کے باوجود تقریباً ساڑھے تین گھنٹے تاخیر کا شکار رہی۔

تاخیر کے دوران مسافروں کو جہاز میں ہی کھانا فراہم کیا گیا، تاہم بعد ازاں کچھ مسافروں نے بد نظمی پیدا کرتے ہوئے کاک پٹ میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی۔ عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں روک دیا، تاہم ایک مشتعل مسافر نے جہاز کی کھڑکی بھی توڑ دی۔

صورتحال کشیدہ ہونے پر دبئی سیکیورٹی حکام کو طلب کیا گیا، جنہوں نے جہاز کا دروازہ کھلوا کر ہنگامہ آرائی میں ملوث مسافروں کو حراست میں لے لیا۔

واقعے کے بعد جہاز کو گراؤنڈ کر دیا گیا جبکہ دیگر مسافروں اور عملے کو ہوٹل منتقل کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق پرواز آج رات 11:15 بجے دبئی سے اسلام آباد کے لیے روانہ کی جائے گی۔