بوٹ بیسن تھانے میں ہنگامہ آرائی کرنے پر آٹھ خواجہ سرا گرفتار

خواجہ سراؤں کے پولیس اہلکاروں پر تشدد، بدتمیزی اور گالیاں بکنے کی ویڈیو سامنے آئی تھی


اسٹاف رپورٹر August 02, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

ضلع ساؤتھ کے بوٹ بیسن تھانے میں ہنگامہ آرائی، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور پولیس اہل کاروں سے بدتمیزی کرنے کے الزام میں آٹھ خواجہ سراؤں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تھانے کے باہر خواجہ سراؤں کے پولیس اہلکاروں پر تشدد، بدتمیزی اور گالیاں بکنے کی ویڈیو سامنے آئی تھی جس کے بعد یہ کارروائی ہوئی۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق ڈیوٹی آفیسر شازان شکیل  سرکاری امور میں مصروف تھا۔ اسی دوران متعدد خواجہ سرا تھانے میں داخل ہوئے اور ہنگامہ آرائی شروع کردی۔ ملزمان نے تھانے کے باہر کھڑی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا، گالم گلوچ کی اور تھانے کے مرکزی دروازے اور دیگر سرکاری املاک کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

متن کے مطابق مشتعل خواجہ سراؤں نے سیف سٹی روم کے دروازے توڑے اور کیمروں کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکاروں نے ملزمان کو سمجھانے اور روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے مزاحمت کی، پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی کی، ڈیوٹی آفیسر کے کمرے کی کھڑکی توڑ کر اندر داخل ہوگئے اور سرکاری فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ ڈالی۔

واقعے کے دوران ایک پولیس اہلکار کو بھی معمولی چوٹیں آئیں۔ جبکہ تھانے میں رکھے گملوں کو نقصان پہنچانے سمیت دیگر موجود شہریوں کو بھی دھکے دئیے تاہم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 8 خواجہ سراؤں کو گرفتار کرلیا۔

مقدمہ متن کے مطابق گرفتار ملزمان میں ملائکہ ولد ریشم جان، ببلی ولد امام بخش، حاجن، تتلی، سونیا، پنکی، نشاد، کنزہ شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، سرکاری کام میں مداخلت سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔