کشمیریوں کیلیے احتجاج: اخوانزادہ یوسفزئی پر مقدمہ درج، مشتاق احمد کا جسمانی ریمانڈ منظور

مقدمے میں دہشت گردی کی دفعہ اور اقدام قتل کی دفعات شامل، ملزمان سے گاڑی اور اسلحہ برآمد کرنا ہے، پراسیکیوشن


فیاض محمود August 03, 2026

اسلام آباد:

کشمیریوں کے حق میں احتجاج کرنے پر اخونزادہ حسین یوسف زئی اور سابق سینیٹر مشتاق کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، عدالت نے مشتاق احمد کو تین دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سیکٹر ایف 10 مرکز میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاج پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر متن کے مطابق احتجاج میں 400 سے 500 افراد شریک تھے، مظاہرین نے سڑک بلاک کر کے ٹریفک معطل کی، مظاہرین نے پولیس کی وارننگ کے باوجود منتشر ہونے سے انکار کیا، مظاہرین نے میڈیا کی ڈی ایس این جی پر حملہ کیا اور توڑ پھوڑ کی، مظاہرین نے اہلکاروں سے مزاحمت کی، سرکاری گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔

ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ مظاہرین نے پتھراؤ کیا جس سے پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے، مقدمہ دہشت گردی اور پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈرایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت درج، مقدمے میں دہشت گردی کی دفعہ اور اقدام قتل کی دفعہ بھی شامل کی گئی ہیں۔

مشتاق احمد کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

بعدازاں پولیس نے گرفتار سینیٹر مشتاق احمد اور ملزم دانیال کو ڈیوٹی جج رخشندہ شاہین کی عدالت میں پیش کردیا۔ عدالت نے سینیٹر مشتاق احمد اور دیگر کو 3 دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

پراسکیوشن نے کہا کہ ملزمان سے گاڑی اور اسلحہ کی برآمدگی کرنی ہے، پراسکیوشن کی جانب سے 30 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی، پولیس کی جانب سے ملزمان کے خلاف تھانہ شالیمار میں مقدمہ درج ہے۔