میر رضا علی کی ڈیجیٹل گھڑی سے ڈیٹا حاصل، ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ممکنہ وجہ موت بھی سامنے آگئی

لاش 24 سے 36 گھنٹے پرانی اور گلی ہوئی تھی جبکہ ایک گولی لگی تھی، موت ہیمرجک شاک کی وجہ سے ہوئی، گھڑی سے اہم ڈیٹا حاصل



کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس کے رہائشی میر رضا علی کے قتل کیس میں نئی پیشرفت سامنے آئی ہے جبکہ پولیس کو ڈیجیٹل گھڑی کا پاسپورڈ کریک کر کے ڈیٹا حاصل کرنے میں کامیابی مل گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ولفکس کے بانی میر رضا علی کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مقتول کو ایک گولی سینے پر لگی جو کمر سے باہر نکلی اور اس کی وجہ سے دل و پھیپھڑے کو نقصان پہنچا۔

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق مقتول کی لاش 24 سے 36 گھنٹے پرانی تھی جبکہ موت سینے میں گولی لگنے کے بعد خون بہنے اور جسمانی اعضا کے کام بند کرنے کی وجہ سے ہوئی۔

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کی وجہ ہیمرجک شاک کو قرار دیا گیا ہے جس کے مطابق جسم سے خون بہہ جانے کیوجہ سے دماغ مفلوج ہوجاتا ہے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق جسم پر کسی اور تازہ چوٹ یا فریکچر کے شواہد نہیں ملے۔

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ لاش گلی اور سڑی ہوئی تھی جبکہ کیمیائی تجزیے کے لیے معدہ، جگر، گردے، تلی اور دیگر نمونے محفوظ کر لیے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق کیمیائی تجزیے کی حتمی رپورٹ تاحال موصول ہونا باقی ہے، حتمی فرانزک اور کیمائی تجزیے سے ابتدائی رپورٹ مشروط ہوگی۔

دوسری جانب پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ راحیل نے کہا ہے کہ مقتول کو ایک گولی لگی جبکہ جسم پر تشدد اور لاش کو جھلسانے کے کوئی شواہد نہیں تھے۔

میر رضا کی اسمارٹ واچ ڈی کوڈ

تفتیشی ذرائع کے مطابق میر رضا 27 جولائی کی شب آن لائن ٹیکسی سے گھر سے گلستان جوہر روانہ ہوا اور اُس سے پہلے اپنی اسمارٹ واچ گھر پر چھوڑ کر گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق ایپل واچ ڈی کوڈ کرنے کے لیے سی ٹی ڈی کی ٹیکنیکل ٹیم کو دی گئی تھی جس میں کامیابی ملی اور پاسورڈ کریک ہوگیا، جس کے بعد ایپ واچ سے ڈیٹا ری کور کرلیا گیا ہے۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل گھڑی سے ملنے والے ڈیٹا سے لین دین معاملات سمیت دیگر معلومات حاصل ہوگئی ہیں جبکہ پولیس ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ نوجوان کے آئی فون کو ڈی کوڈ کرنے میں تاحال کامیابی نہیں مل سکی ہے۔