انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ سے صارفین پُر اسرار طور پر غائب ہونے لگ گئے۔
گزشتہ ایک روز کے دوران متعدد واٹس ایپ صارفین نے سوشل میڈیا پر شکایت کر رہے ہیں کہ ان کے اکاؤنٹس بغیر کسی واضح وجہ کے اچانک معطل کر دیے گئے ہیں۔
متاثرہ صارفین کو واٹس ایپ پر ایک پیغام موصول ہو رہا ہے جس میں بتایا جا رہا ہے کہ ان کا اکاؤنٹ بلاک کر دیا گیا ہے اور اس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
نوٹس کے مطابق اکاؤنٹ کی سرگرمی اور ڈیوائس کی معلومات کا معائنہ کیا جا رہا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ صارف نے واٹس ایپ کی شرائطِ استعمال کی خلاف ورزی نہیں کی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ عموماً 24 گھنٹوں کے اندر جائزے کا نتیجہ صارف کو بتا دیا جاتا ہے۔
واٹس ایپ کی مالک کمپنی میٹا نے تسلیم کیا ہے کہ بعض اوقات غلطی سے بھی اکاؤنٹس معطل ہو سکتے ہیں۔ تاہم، کمپنی کے مطابق یہ اقدامات پلیٹ فارم کو اسپیم، دھوکا دہی اور دیگر نقصان دہ سرگرمیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری ہیں۔
واٹس ایپ کی شرائط کے مطابق ایسے اکاؤنٹس معطل کیے جا سکتے ہیں جو اسپیم، فراڈ یا صارفین کی سیکیورٹی کے لیے خطرہ بننے والی سرگرمیوں میں ملوث ہوں۔ اگر کسی صارف کا اکاؤنٹ غلطی سے معطل ہوا ہو تو وہ نظرثانی کی درخواست دے سکتا ہے، جس کے بعد کمپنی اس کا دوبارہ جائزہ لیتی ہے۔