سنی دیول کا ’ڈریم پروجیکٹ‘: بیٹوں کے ساتھ تاریخی فلم بنانے کا منصوبہ

سنی دیول کے مطابق فلم ساز راج کمار سنتوشی اور چندر پرکاش دویدی انہیں اس موضوع پر کہانی سنا چکے ہیں


ویب ڈیسک August 05, 2026

بالی ووڈ اداکار سنی دیول نے اپنے دونوں بیٹوں کرن دیول اور راج ویر دیول کے ساتھ تاریخی شخصیت اشوک پر فلم بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

سنی دیول نے ’بٹوارہ 1947‘ کی تشہیری سرگرمیوں کے دوران پٹنہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شہنشاہ اشوک کی زندگی پر فلم کا خیال ان کے دل کے بہت قریب ہے۔

سنی دیول کے مطابق فلم ساز راج کمار سنتوشی اور چندر پرکاش دویدی انہیں اس موضوع پر کہانی سنا چکے ہیں، تاہم اس نوعیت کی تاریخی فلم کے لیے بڑے بجٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔

اداکار نے کہا کہ وہ ایسی فلم ضرور بنانا چاہتے ہیں اور ان کا خیال ہے کہ اس منصوبے میں وہ اپنے دونوں بیٹوں کو بھی شامل کر سکتے ہیں، کیونکہ اشوک کی تاریخ بہت وسیع اور دلچسپ ہے۔

سنی دیول نے بتایا کہ ماضی میں بڑے بجٹ کی فلم بنانے کے لیے ان کے پاس وسائل محدود تھے، تاہم ’غدر 2‘ کی کامیابی کے بعد ان کے حالات بہتر ہوئے ہیں اور انہیں امید ہے کہ مستقبل میں یہ صورتحال مزید بہتر ہو گی۔

دوسری جانب سنی دیول کی فلم ’بٹوارہ 1947‘ کی ہدایت کاری راج کمار سنتوشی نے کی ہے، جبکہ اسے عامر خان پروڈکشنز نے پروڈیوس کیا ہے۔