اسلام آباد میں کمرشل پلاٹس کی نیلامی جاری، ایگرو فارم 1212 ملین میں فروخت

مری روز پر واقع ایگروگام نمبر 17اے کو 966 ملین روپے میں نیلام کیا گیا، سی ڈی اے


افتخار چوہدری August 05, 2026
فوٹو: اسکرین گریب

کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں کمرشل پلاٹس کی نیلامی جاری ہے جہاں دوسرے روز مری روڈ پر واقع ایگرو فارم نمبر 18 کی فروخت 1212 ملین روپے میں ہوئی اور مجموعی طور پر 2631.986 ملین روپے مالیت کے پلاٹس کی نیلامی ہوئی۔

سی ڈی حکام کے مطابق جناح کنونشن سینٹر میں سی ڈی اے کے زیر اہتمام اسلام آباد میں کمرشل پلاٹس کا سہ روزہ نیلام عام جاری ہے جہاں پہلے دو یوم میں مجموعی طور پر  16.438 ارب کے پلاٹس فروخت ہوئے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ کمرشل پلاٹس کی نیلامی کے دوسرے روز مری روڈ پر واقع ایگرو فارم نمبر 18 کی 1212 ملین روپے اور مری روڈ پر ہی واقع ایگرو فارم نمبر 17 اے کو 966 ملین روپے میں نیلام کیا گیا۔

اسی طرح نیلامی کے دوسرے روز بلیو ایریا پارکنگ پلازہ کی تعمیر شدہ دکان نمبر 8 اے کو 152.646 ملین روپے میں نیلام کیا گیا، بلیو ایریا پارکنگ پلازہ کی شاپ نمبر 10 اے  147.706 ملین روپے میں نیلام ہوئی جبکہ بلیو ایریا پارکنگ پلازہ میں تعمیر شدہ دکان نمبر 12 اے 153.634 ملین روپے میں فروخت ہوئی۔

سی ڈی اے کے مطابق نیلام عام کے دوسرے دن مجموعی طور پر 2631.986  ملین روپے کے پلاٹس فروخت ہوئے جبکہ پہلے دن 13806.87 ملین روپے کی مالیت کے پلاٹس فروخت ہوئے تھے۔

مزید بتایا گیا کہ سہ روزہ کمرشل پلاٹس کی نیلامی تیسرے دن 6 اگست تک جناح کنونشن سینٹر میں جاری رہے گی۔