کراچی:
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں نوجوان سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق بلدیہ اتحاد ٹاؤن خیبر چوک کے قریب ٹریفک حادثے میں نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے سول اسپتال پہنچائی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 17 سالہ عبدالرحمٰن کے نام سے کی گئی جو کہ راہگیر تھا۔
جبکہ حادثہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے۔
دریں اثنا سپر ہائی وے پنجاب بس اڈے کے قریب بدھ کی شب گیارہ بجے کے قریب ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہونے والے شخص نے دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے عباسی شہید اسپتال میں دم توڑ دیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی جبکہ اس کی عمر 35 سال بتائی جاتی ہے جو کہ موٹر سائیکل پر سوار تھا جبکہ حادثہ نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے پیش آیا تھا۔
متعلقہ تھانوں کی پولیس ٹریفک کے دونوں حادثات کی مزید معلومات حاصل کر رہی ہے ۔