پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز، اولی پوپ اور ڈین لارنس کی انگلینڈ ٹیم میں واپسی

بین اسٹوکس کی ریٹائرمنٹ اور برینڈن میک کولم کی کوچنگ سے علیحدگی کے بعد یہ انگلینڈ کی پہلی ٹیسٹ سیریز ہوگی


اسپورٹس ڈیسک August 06, 2026

انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ابتدائی دو ٹیسٹ میچز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سرے سے تعلق رکھنے والے اولی پوپ اور ڈین لارنس کی انگلش ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

دوسری جانب جیکب بیتھل گھٹنے کی انجری کے باعث پوری سیریز سے باہر ہو گئے ہیں جبکہ ان کی جگہ جارڈن کاکس کو نمبر تین پر بیٹنگ کی ذمہ داری دی جائے گی۔

یہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز بین اسٹوکس کی ریٹائرمنٹ اور برینڈن میک کولم کی کوچنگ سے علیحدگی کے بعد انگلینڈ کی پہلی ٹیسٹ سیریز ہوگی۔

جو روٹ دوبارہ کپتان کی حیثیت سے ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ مارکس ٹریسکوتھک عبوری ہیڈ کوچ کے فرائض انجام دیں گے۔

ڈین لارنس کو کاؤنٹی چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا صلہ ملا ہے جہاں انہوں نے 13 اننگز میں 788 رنز بنائے جن میں پانچ سنچریاں شامل ہیں۔

اولی پوپ بھی ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ فارم میں رہے اور 510 رنز اسکور کیے۔

اسکواڈ میں سیم کک اور برائیڈن کارس کی بھی واپسی ہوئی ہے جبکہ اسپنر شعیب بشیر کو برقرار رکھا گیا ہے۔

انگلینڈ کے سلیکٹر مارکس نارتھ کا کہنا ہے کہ تجربہ اور نوجوان ٹیلنٹ کے امتزاج کے ساتھ پاکستان جیسی مضبوط ٹیم کا مقابلہ کرنے کے لیے متوازن اسکواڈ منتخب کیا گیا ہے۔