کراچی: گلسستان جوہر سے ملنے والی نوجوان تاجر میر رضا علی کی موت کا تعین کرنے کیلیے عدالتی حکم پر میڈیکل بورڈ صبح 9 بجے قبر کشائی کرے گا جبکہ پولیس کو نئی پیشرفت میں لاش والے مقام سے 30 بور پستول کا خول ملا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مقتول نوجوان تاجر میر رضا علی کے والد میر حسین کی جانب سے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی میں بیٹے کی موت کے تعین کیلیے قبر کشائی کے حوالے سے درخواست دائر کی گئی تھی۔
عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا اور پھر اسے جاری کرتے ہوئے مقتول کی قبر کشائی کا حکم دیا۔ ساتھ ہی عدالت نے سیکریٹری ہیلتھ کو اس معاملے پر میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا بھی حکم دیا تھا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے فیصلہ دیا تھا کہ مقتول کے والد کی جانب سے قبر کشائی کی درخواست دائر کی گئی، جس میں استدعا کی گئی کہ مقتول کی قبر کشائی کی جائے، مزید استدعا کی سینئر فرانزک اور پیتھالوجی ایکسپرٹ کی نگرانی میں پوسٹ مارٹم ، ایکسرے اور ڈی این اے کیا جائے۔
عدالتی حکم نامے میں لکھا گیا کہ پراسیکیوشن کی جانب سے درخواست پر کوئی اعتراض نہیں کیا گیا جس کے پیش نظر قبر کشائی کا حکم دیا جاتا ہے۔ فیصلے میں ہدایت کی گئی تھی کہ پولیس سرجن اور سیکریٹری ہیلتھ ٹیم تشکیل دیکر جلد از جلد تمام مراحل مکمل کریں۔
اس کے علاوہ عدالت نے ایس ایچ او فیروز اباد کو تمام تر انتظامات کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔
میڈیکل بورڈ تشکیل
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ نے بتایا کہ میر رضا علی کی قبر کشائی کیلیے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے جس میں پروفیسر ڈاکٹر نسیم احمد (ایچ او ڈی ڈیپارٹمنٹ آف پیتھالوجی ڈاؤ میڈیکل کالج، ڈاکٹر فرح وسیم اسسٹنٹ پروفیسر فارنزک میڈیسن ڈیپارٹمنٹ سندھ میڈیکل کالج، عامر حسن خان فارنزک شناخت ایکسپرٹ ای ٹی ایف سی پی ایل سی، ڈاکٹر شری چند ایڈیشنل پولیس سرجن، ڈاکٹر کامران خان (ڈی ایم جے میڈیکو لیگل آفیسر جناح اسپتال کراچی، ڈاکٹر دانیال مرزا میڈیکو لیگل آفیسر جناح اسپتال، ڈاکٹر محمد یاسین ایڈمن انچارج شامل ہوں گے۔
اس کے علاوہ پولیس سرجن کراچی ڈاکٹر سمعیہ سید بھی میڈیکل بورڈ کا حصہ ہوں گی۔
انہوں نے بتایا کہ میر رضا علی کی قبر کشائی کل جمعے کی صبح 9 بجے کی جائے گی، اس حوالے سے پولیس کو پوسٹ مارٹم کی جگہ سیل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈاکٹر سمعیہ نے کہا کہ قبر کشائی کے بعد باڈی سے مختلف نمونے حاصل کیے جائیں گے اور پھر لاش کی دوبارہ فوری تدفین کردی جائے گی۔
لاش کے مقام سے خول برآمد
پولیس ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیم نے لاش ملنے والے مقام کا دورہ کیا تو اس دوران پستول کا خول برآمد ہوا جو بظاہر 30 بور پستول کا بتایا جارہا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ سے ملنے والا گولی کا خول لیبارٹری بھجوایا جائے گا۔ پولیس ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ خول وہیں سے ملا جہاں سے مقتول میر رضا کی لاش ملی تھی۔
پولیس ذرائع کے مطابق پولیس کرائم سین پرموجود ہے اورکرائم سین کی ایک مرتبہ پھرسرچنگ کی جا رہی ہے۔