امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک تقریب کے دوران ننھے بچے کو اسٹیج سے گرنے سے بچاتے ہوئے اپنے مخصوص انداز میں سابق صدر جو بائیڈن پر شرارتی جملہ کسا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ امریکی ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس میں پیش آیا جہاں صدر ٹرمپ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
اس موقع پر انھوں نے ایک مقامی جوڑے، سینڈرا اور بریڈ، کو اسٹیج پر مدعو کیا۔ سینڈرا ایک کیسینو میں ویٹریس ہیں جبکہ ان کے شوہر بریڈ لاس ویگاس میٹروپولیٹن پولیس میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ دونوں اپنے دو کم سن بچوں کے ساتھ تقریب میں شریک تھے۔
تقریب کے دوران جب سینڈرا گفتگو کر رہی تھیں تو ان کا ایک ننھا بچہ اسٹیج کے کنارے کی طرف بڑھنے لگا اور خدشہ تھا وہ لڑھک کر گر نہ جائے۔ ٹرمپ نے فوراً آگے بڑھ کر بچے کو سنبھالا اور اسے گرنے سے بچالیا۔
بچے کو تھامنے کے بعد ٹرمپ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ یہ بائیڈن بن جائے اور گر پڑے۔ ان کے اس جملے پر شرکا کے قہقہوں سے پورا ہال گونج اُٹھا۔
خیال رہے کہ صدر ٹرمپ کا اشارہ 2023 کے اس واقعے کی جانب تھا جب اُس وقت کے صدر جو بائیڈن امریکی فضائیہ کی اکیڈمی کی گریجویشن تقریب میں اسناد تقسیم کرنے کے بعد اسٹیج پر ٹھوکر کھا کر گر گئے تھے۔
اس واقعے کی ویڈیو دنیا بھر میں وائرل ہوئی تھی اور بعد ازاں ٹرمپ سمیت ان کے کئی سیاسی مخالفین نے اسے بائیڈن کی عمر اور جسمانی حالت پر تنقید کے لیے استعمال کیا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ ماضی میں بھی انتخابی جلسوں اور عوامی تقریبات میں جو بائیڈن پر اسی نوعیت کے طنزیہ تبصرے کرتے رہے ہیں اور لاس ویگاس کی تقریب میں بھی انہوں نے ایک معمولی واقعے کو سیاسی چٹکی میں بدل کر حاضرین کی توجہ حاصل کرلی۔