خاتون کے قتل کا معما حل، شوہر اور سوتیلا بیٹا ہی ملوث نکلے

ملزمان شیراز خان اور عبداللہ نے خاتون کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا


ویب ڈیسک August 07, 2026

لاہور:

وحدت کالونی میں چند روز قبل 40 سالہ خاتون ثنا کے قتل کے مقدمے میں پولیس نے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ایس پی اقبال ٹاؤن کے مطابق تحقیقات میں خاتون کے قتل میں اس کے شوہر شیراز خان اور سوتیلے بیٹے عبداللہ کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ملزمان شیراز خان اور عبداللہ نے خاتون کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔

واقعے کے بعد پولیس نے مقتولہ کے بیٹے عبداللہ کو موقع واردات ہی سے حراست میں لے لیا تھا۔

ایس پی سدرہ خان کے مطابق پولیس نے مقتولہ کے شوہر شیراز خان کی پنجاب سے فرار ہونے کی کوشش ناکام بنا دی۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے فرار ہو رہا تھا، تاہم پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق مرکزی ملزم شیراز خان کو انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران پولیس کی خصوصی ٹیم نے گرفتار کیا۔ کامیاب کارروائی پر ایس پی اقبال ٹاؤن نے ایس ایچ او اسد بشیر، سب انسپکٹر قاسم اور پولیس ٹیم کے لیے شاباش اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا۔

ایس پی سدرہ خان نے کہا کہ انسانی جان لینے والے ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔