گھروں میں چھپکلیوں کا نظر آنا کوئی غیر معمولی بات نہیں، اگرچہ یہ عام طور پر زہریلی یا خطرناک نہیں ہوتیں، لیکن بہت سے افراد خصوصاً خواتین ان کی موجودگی سے خوف محسوس کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ لوگ انہیں گھر سے دور رکھنے کے لیے مختلف گھریلو طریقے آزماتے ہیں۔
چھپکلی دراصل گھر میں موجود کیڑوں کی تعداد کم کرنے میں مدد دیتی ہے، تاہم اس کے باوجود بیشتر افراد اسے اپنی رہائش گاہ میں دیکھنا پسند نہیں کرتے۔ اگر گھر کی دیواروں یا کچن کے مختلف حصوں میں چھپکلیاں بار بار دکھائی دیتی ہیں تو انہیں دور رکھنے کے لیے چند سادہ تدابیر اختیار کی جا سکتی ہیں۔
پروں کا استعمال
چھپکلیاں بھگانے کےلیے ایک طریقہ پرندوں کے پر استعمال کرنا بھی ہے۔ چھپکلیاں پرندوں سے خوف محسوس کرتی ہیں کیونکہ پرندے انہیں شکار کرتے ہیں۔ اسی وجہ سے بعض لوگ گھر میں پرندوں کے پر، خصوصاً مور کے پر، ان مقامات پر لگا دیتے ہیں جہاں چھپکلیاں زیادہ دکھائی دیتی ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ پر دیکھ کر چھپکلی کو قریب کسی پرندے کی موجودگی کا گمان ہوتا ہے اور وہ اس جگہ سے دور چلی جاتی ہے۔ مور کے پر گھر کی سجاوٹ میں بھی استعمال کیے جاتے ہیں، اس لیے یہ بیک وقت آرائشی مقصد بھی پورا کر سکتے ہیں۔
انڈے کے چھلکے
انڈے کے چھلکے بھی چھپکلیوں کو دور رکھنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔ انڈہ استعمال کرنے کے بعد اس کا چھلکا پھینکنے کے بجائے اسے ایسی جگہ رکھا جا سکتا ہے جہاں چھپکلیوں کی آمدورفت زیادہ ہو۔ گھریلو تجربات کے مطابق انڈے کے چھلکے کی بو چھپکلیوں کو ناگوار گزرتی ہے اور وہ ایسے مقامات سے دور رہنے لگتی ہیں۔
لہسن کا استعمال
لہسن بھی چھپکلیوں کو مخصوص جگہوں سے دور رکھنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ گھر کے ان راستوں یا کونوں میں لہسن لٹکایا جا سکتا ہے جہاں سے چھپکلیوں کے اندر داخل ہونے کا امکان ہو۔ اس طریقے کا مقصد لہسن کی بو کے ذریعے چھپکلیوں کو ان راستوں سے دور رکھنا ہے۔
تاہم چھپکلیوں کی آمد کم کرنے کے لیے گھر کی صفائی برقرار رکھنا، کھانے پینے کی اشیا کھلی نہ چھوڑنا اور کیڑوں کی افزائش کو روکنا بھی اہم ہے، کیونکہ گھر میں موجود کیڑے چھپکلیوں کے لیے خوراک کا ذریعہ بنتے ہیں۔