کراچی، صدر میں فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر 200 دکانیں سیل

بلال سینٹر اور کوہ نور سینٹر میں گراؤنڈ فلورکی دکانوں کو فائر سیفٹی پر عملدرآمد نہ ہونے پر سیل کیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر


نعیم خانزادہ August 07, 2026

ضلعی انتظامیہ نے فائر سیفٹی قوانین پر عملدرآمد نہ ہونے پر صدر میں 200 دکانوں کو سیل کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسو نے کمشنر کراچی سید حسن نقوی کو ضلع بھر میں سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر کیے گئے اقدامات سے متعلق رپورٹ ارسال کی۔

ڈپٹی کمشنر کی جانب سے ارسال کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صدر میں فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر 200 دکانیں سیل کی گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بلال سینٹر  اور کوہ نور سینٹر صدر میں گراؤنڈ فلور پر قائم دکانیں غیر محفوظ اور مقررہ قواعد کے خلاف قائم تھیں۔

کمشنر کراچی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ فائر سیفٹی قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرائیں۔