رانی مکھرجی پیدا ہونے کے بعد دوسری فیملی کو دے دی گئی تھیں؟ والدہ نے کیسے ڈھونڈ نکالا؟

وہ فیملی اب بھی مذاق میں ان سے کہتی ہے کہ وہ دراصل پنجابی ہیں اور غلطی سے مکھرجی خاندان میں پہنچ گئی تھیں۔


ویب ڈیسک August 08, 2026

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ رانی مکھرجی نے انکشاف کیا ہے کہ پیدائش کے وقت وہ غلطی سے اسپتال میں ایک پنجابی فیملی کے پاس چلی گئی تھیں جبکہ اس فیملی کی بچی ان کی والدہ کو دے دی گئی تھی۔

رانی مکھرجی نے ایک انٹرویو میں اپنے بچپن کا ایک مزاحیہ واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ پیدائش کے بعد جب نرسیں بچوں کو معمول کے چیک اپ کے لیے لے جاتی تھیں تو ان کی شناخت کے لیے ٹیگز لگائے جاتے تھے اور اسی دوران وہ غلطی سے ایک پنجابی خاندان کے کمرے میں پہنچ گئی تھیں۔

رانی کے مطابق ان کی والدہ نے جب دوسری بچی کو دیکھا تو فوراً محسوس کیا کہ کچھ درست نہیں ہے، کیونکہ اس بچی کی آنکھوں کا رنگ مختلف تھا۔ والدہ نے فوری کہا کہ ’’یہ میری بچی نہیں کیونکہ میری بیٹی کی آنکھیں بھوری ہیں۔ جاؤ اور میری بچی کو تلاش کرو۔‘‘

تلاش کے دوران معلوم ہوا کہ ایک پنجابی خاندان کے ہاں موجود بچی دراصل رانی مکھرجی تھیں۔ اس خاندان کے ہاں اس وقت آٹھویں بیٹی پیدا ہوئی تھی۔

اداکارہ نے بتایا کہ اس خاندان کے افراد بعد میں بھی مذاق میں ان سے کہتے تھے کہ وہ دراصل پنجابی ہیں اور غلطی سے مکھرجی خاندان میں پہنچ گئی تھیں۔

یاد رہے کہ رانی مکھرجی 21 مارچ 1978 کو فلمساز و ہدایتکار رام مکھرجی اور ان کی اہلیہ کرشنا مکھرجی کے ہاں پیدا ہوئیں۔