ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ میجک مشروم کی ایک خوراک ڈپریشن میں واضح راحت فراہم کر سکتا ہے۔
کنگز کالج لندن کی قیادت میں ہونے والی تحقیق میں ایسے افراد کو شامل کیا گیا جن کا ڈپریشن کم از کم دو سابقہ علاج سے بہتر نہیں ہوا تھا۔ تحقیق میں شرکا کو سائلو سائِبن کی ایک خوراک کے ساتھ نفسیاتی معاونت بھی فراہم کی گئی۔
تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ بعض مریضوں میں ڈپریشن کی علامات میں نمایاں کمی آئی اور تقریباً 10 میں سے 4 مریضوں میں علامات ختم ہونے کی سطح تک بہتری دیکھی گئی۔
ایک شریکِ تحقیق نے علاج کے تجربے کو انتہائی جذباتی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ اس دوران اسے اپنے مرحوم والد اور بہن کی ایک تصویر ذہن میں دکھائی دی، جس نے اسے اپنے جذبات اور ڈپریشن کو زیادہ گہرائی سے سمجھنے میں مدد دی۔
مریض کے مطابق تجربہ بعض اوقات انتہائی شدید اور تکلیف دہ تھا۔ تاہم، بعد میں اسے محسوس ہوا کہ اس عمل نے اسے اپنے جذبات کو سمجھنے اور محسوس کرنے میں مدد دی۔
اس نے کہا کہ اگرچہ یہ تجربہ مشکل اور تکلیف دہ تھا، لیکن اسے لگتا ہے کہ یہ اسی وقت اس کے لیے ضروری تھا۔
کنگز کالج لندن کے مطابق سائلو سائِبن پر ہونے والی تحقیق کا مقصد خاص طور پر علاج سے مزاحم ڈپریشن کے لیے اس طریقہ علاج کی افادیت، حفاظت اور قابلِ عمل ہونے کا جائزہ لینا ہے۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ نتائج حوصلہ افزا ضرور ہیں۔ تاہم، سائلو سائِبن کو عام ڈپریشن کے علاج کے طور پر استعمال کرنے سے قبل مزید بڑے اور طویل مدتی کلینیکل ٹرائلز کے ذریعے اس کی افادیت اور ممکنہ مضر اثرات کا جائزہ لینا ضروری ہے۔
کنگز کالج لندن کی سابقہ تحقیق میں بھی سائلو سائِبن کے ساتھ نفسیاتی معاونت سے ڈپریشن کی علامات میں کمی دیکھی گئی تھی، تاہم محققین نے مزید سخت سائنسی مطالعات کی ضرورت پر زور دیا تھا۔