شہر قائد کے علاقے نارتھ کراچی پاور ہاؤس چورنگی کے قریب سڑک پر کھڑی ماں اور بیٹے سے لوٹ مار کرنے والا مبینہ ڈکیت کو پولیس نے مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بوٹ بیسن پولیس کے ہاتھوں مقابلے کے دوران زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو نارتھ کراچی میں ماں اور بیٹے سے موبائل فون چھیننے کی واردات میں ملوث نکلا۔
گرفتار زخمی ڈاکو نے اکیلے ہی اسحلے کے زور پر لوٹ مار کی تھی جس کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں ڈاکو کا چہرہ واضح طور پر دیکھا جا سکتا تھا ۔
بوٹ بیسن پولیس نے جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب کلفٹن بلاک ون اتوار بازار کے قریب مقابلے میں محمد طلحہٰ عرف علی نامی ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔
اس حوالے سے ایس ایچ او بوٹ بیسن ریاض نیازی نے بتایا کہ زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کے قبضے سے اسلحہ اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں جبکہ ڈاکو کے قبضے سے ملنے والی موٹر سائیکل فریئر تھانے کی حدود سے چھینی گئی تھی جس کا مقدمہ بھی درج ہے۔
انھوں نے بتایا کہ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ڈاکو طلحہٰ عرف علی نے گزشتہ دنوں نارتھ کراچی پاور ہاؤس چورنگی کے قریب اسلحے کے زور پر ماں اور بیٹے سے لوٹ مار کی واردات کی تھی جس کا گرفتار ڈاکو نے دوران تفتیش اس واردات میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف کیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ڈاکو عادی جرائم پیشہ ہے اور اس سے قبل بھی مختلف جرائم میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے تاہم بوٹ بیسن پولیس نے گرفتار ڈاکو کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے اور اس سے دیگر وارداتوں کے حوالے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔