اٹلی: لاکھوں ڈالر کا لاٹری ٹکٹ کچرے میں پھینک دیا، صفائی کمپنی نے ڈھونڈ نکالی

شہری نے 31 جولائی کی قرعہ اندازی کے لیے ’ملین ڈے‘ لاٹری کی ٹکٹ خریدی تھی


ویب ڈیسک August 09, 2026

اٹلی میں ایک شہری نے غلط فہمی کے باعث 11 لاکھ 50 ہزار ڈالر مالیت کی لاٹری ٹکٹ کچرے میں پھینک دی۔ تاہم، کچرا جمع کرنے والی کمپنی نے بروقت کارروائی کرکے شہری کو بھاری انعام سے محروم ہونے سے بچا لیا۔

صفائی کمپنی SANB کے ڈائریکٹر روبرتو نکولا توسکانو کے مطابق شہری نے 31 جولائی کی قرعہ اندازی کے لیے ’ملین ڈے‘ لاٹری کی ٹکٹ خریدی تھی جس پر اس کے معمول کے نمبرز 51-10-8-4-2 درج تھے۔

شہری نے دکان پر ٹکٹ اسکین کرائی تو اسے پیغام ملا کہ ٹکٹ ’قابلِ ادائیگی نہیں‘، جس پر اس نے اسے جیت سے محروم ٹکٹ سمجھتے ہوئے کچرے میں پھینک دیا۔ بعد میں معلوم ہوا کہ انہی نمبروں نے قرعہ اندازی میں تقریباً 11 لاکھ 50 ہزار ڈالر کا انعام جیت لیا ہے۔

دراصل ’قابلِ ادائیگی نہیں‘ کا مطلب یہ تھا کہ انعام اتنی بڑی رقم کا ہے کہ اسے دکان سے وصول نہیں کیا جا سکتا۔

جب خاندان واپس دکان پہنچا تو کچرا پہلے ہی اٹھایا جا چکا تھا، جس کے بعد SANB نے کچرے میں ٹکٹ کی تلاش شروع کی اور اسے ڈھونڈنے کی کوشش کی۔