انسانی زندگی میں کچھ چیزیں ایسی ہوتی ہیں جو بظاہر معمولی دکھائی دیتی ہیں، مگر ان کے اندر فطرت نے حیرت انگیز راز چھپا رکھے ہوتے ہیں۔ چہرے کے تاثرات، آواز کا اتار چڑھاؤ، چلنے کا انداز، آنکھوں کی چمک اور ہاتھوں کی جنبشیں، یہ سب ہمارے جسم اور ذہن کی کیفیت کے آئینہ دار ہوتے ہیں۔
انہی میں سے ایک ہماری ’’ہاتھ کی لکھائی‘‘ بھی ہے۔ ایک وقت تھا جب خوبصورت خط کو شخصیت کا عکس سمجھا جاتا تھا۔ استاد شاگرد کی لکھائی دیکھ کر اس کی محنت اور مزاج کا اندازہ لگا لیتے تھے، جبکہ ماہرینِ نفسیات بعض اوقات تحریر کے انداز سے شخصیت کی جھلک تلاش کرنے کی کوشش کرتے تھے۔ لیکن جدید سائنس اب اس سے بھی ایک قدم آگے بڑھ چکی ہے، آج محققین کا کہنا ہے کہ انسان کی لکھائی صرف اس کے ذوق یا تعلیم کا اظہار نہیں کرتی بلکہ یہ اس کے دماغ کی صحت کے بارے میں بھی خاموش اشارے دے سکتی ہے۔ جیسے جیسے عمر بڑھتی ہے، جسم کے ساتھ دماغ میں بھی تبدیلیاں رونما ہونے لگتی ہیں۔
یادداشت کمزور ہونا، توجہ میں کمی، فیصلے کرنے میں دشواری یا روزمرہ کے کاموں میں سستی جیسے مسائل بعض اوقات بڑھتی عمر کا حصہ ہوتے ہیں، لیکن یہی علامات بعض صورتوں میں ذہنی تنزلی( Decline Cognitive) یا الزائمر اور ابتدائی ڈیمنشیا جیسی بیماریوں کا آغاز بھی ثابت ہو سکتی ہیں۔ مسئلہ یہ ہے کہ اکثر ان بیماریوں کی تشخیص اس وقت ہوتی ہے، جب دماغ کافی حد تک متاثر ہو چکا ہوتا ہے۔ اسی لیے دنیا بھر کے سائنس دان ایسے آسان، کم خرچ اور غیر تکلیف دہ طریقے تلاش کر رہے ہیں جن کے ذریعے دماغی کمزوری کی ابتدائی علامات بروقت سامنے آ سکیں۔
حالیہ برسوں میں ہونے والی متعدد تحقیقات نے اشارہ دیا ہے کہ ’’ہاتھ کی لکھائی‘‘ میں آنے والی معمولی تبدیلیاں اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ تازہ ترین تحقیق بھی اسی سمت ایک اہم پیش رفت ہے، جس میں یہ جاننے کی کوشش کی گئی کہ کیا لکھنے کا انداز، قلم کی حرکت، حروف کا حجم اور لکھنے کی رفتار دماغی صحت کی عکاسی کر سکتے ہیں؟
ہاتھ سے لکھنا…دماغ کا ایک پیچیدہ امتحان
اکثر لوگ سمجھتے ہیں کہ لکھنا محض ہاتھ کی حرکت کا نام ہے، لیکن حقیقت اس سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہے۔ جب ہم قلم اٹھاتے ہیں تو بیک وقت دماغ کے کئی حصے سرگرم ہو جاتے ہیں۔ سب سے پہلے دماغ سوچتا ہے کہ کیا لکھنا ہے، پھر زبان سے متعلق مراکز الفاظ کو ترتیب دیتے ہیں، یادداشت درست الفاظ کو ذہن میں لاتی ہے، بینائی ہاتھ کی حرکت پر نظر رکھتی ہے، جبکہ اعصاب اور عضلات قلم کو درست سمت میں حرکت دیتے ہیں۔
اس سارے عمل کے دوران توجہ، توازن، منصوبہ بندی، یادداشت اور جسمانی ہم آہنگی ایک ساتھ کام کر رہے ہوتے ہیں۔ اسی لیے ماہرین کا خیال ہے کہ اگر دماغ کے ان حصوں میں معمولی سی بھی خرابی پیدا ہو تو اس کا اثر سب سے پہلے لکھائی میں نمایاں ہو سکتا ہے، چاہے عام زندگی میں اس کی علامات ابھی واضح نہ ہوں۔
پرتگال میں ہونے والی نئی تحقیق
اس سلسلے میں گزشت سے پیوستہ ماہ یعنی مئی 2026ء میں پرتگال کے محققین نے ایک دلچسپ تحقیق کی، جو بین الاقوامی شہرت کے حامل سائنسی جریدے Frontiers in Human Neuroscience میں شائع ہوئی۔ تحقیق میں 62 سے 99 سال عمر کے 58 بزرگ افراد کو شامل کیا گیا، جو مختلف نگہداشت کے مراکز میں مقیم تھے۔ تمام شرکاء کا پہلے ایک معروف طبی ٹیسٹ کے ذریعے ذہنی صحت کا جائزہ لیا گیا، جس کے بعد انہیں دو گروہوں میں تقسیم کیا گیا۔
20 افراد ذہنی طور پر صحت مند قرار پائے۔
38 افراد میں مختلف درجے کی ذہنی کمزوری یا Impairment Cognitive موجود تھی۔
تحقیق کا مقصد یہ جاننا تھا کہ کیا صرف لکھائی کے انداز سے ان دونوں گروہوں میں فرق کیا جا سکتا ہے۔
شرکاء کو عام کاغذ کے بجائے ایک ’’ڈیجیٹل ٹیبلٹ اور ڈیجیٹل قلم‘‘ فراہم کیا گیا کیوں کہ یہ نظام صرف لکھائی محفوظ نہیں کرتا بلکہ قلم کی ہر حرکت، رفتار، دباؤ، زاویہ اور وقفے کو بھی ریکارڈ کرتا ہے۔ تحقیق کے آغاز میں شرکاء سے دو بنیادی مشقیں کروائی گئیں۔ پہلے مرحلے میں انہیں بیس سیکنڈ کے اندر کم از کم دس سیدھی افقی لکیریں کھینچنے کا کہا گیا۔ اس کے بعد اتنے ہی وقت میں دس نقطے بنانے کی ہدایت دی گئی۔ ان دونوں مشقوں کا مقصد صرف یہ جانچنا تھا کہ ہاتھ کی بنیادی حرکات میں کوئی فرق موجود ہے یا نہیں۔ اس کے بعد اصل امتحان شروع ہوا، جس میں شرکاء نے چار مختلف تحریری سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ پہلے انہیں ایک جملہ کارڈ پر دکھایا گیا جسے انہوں نے نقل کیا۔ دوسرے مرحلے میں وہی جملہ سنایا گیا اور اسے سن کر لکھنے کو کہا گیا۔ تیسرے مرحلے میں ایک نیا جملہ صرف بول کر سنایا گیا جسے بغیر دیکھے لکھنا تھا۔ چوتھے مرحلے میں وہی دوسرا جملہ دوبارہ دکھایا گیا اور اسے نقل کروایا گیا۔ تحقیق کے دوران صرف یہ نہیں دیکھا گیا کہ کس نے کتنی جلدی لکھا بلکہ قلم کی ہر حرکت کا باریک بینی سے تجزیہ کیا گیا، جس میں شامل تھا؛
لکھنے کی رفتار
قلم کی روانی
تحریر کا زاویہ
لکھتے ہوئے وقفے
قلم کے اسٹروکس ( Count Stroke)
قلم کا دباؤ
حروف کی چوڑائی
حروف کی لمبائی
لکھنا شروع کرنے میں لگنے والا وقت
اور یہ تمام عوامل مجموعی طور پر دماغ کی کارکردگی کا عکس سمجھے گئے۔
حیران کن نتائج
تحقیق کے نتائج نے ایک دلچسپ حقیقت سامنے رکھی۔ ابتدائی دو مشقوں یعنی لکیریں اور نقطے بنانے میں دونوں گروہوں کے درمیان کوئی نمایاں فرق نہیں ملا۔ اسی طرح پہلے دو تحریری مراحل میں بھی دونوں گروہوں کی کارکردگی تقریباً یکساں رہی۔ اس سے اندازہ ہوا کہ ذہنی کمزوری کے ابتدائی مراحل میں ہاتھ کی بنیادی حرکات اور عضلاتی کنٹرول زیادہ متاثر نہیں ہوتے۔ لیکن جیسے ہی تیسرا مرحلہ آیا، نتائج یکسر بدل گئے۔ یہ وہ مرحلہ تھا جس میں شرکاء کو صرف سن کر نیا جملہ لکھنا تھا۔ اس تحقیق کی سینئر مصنفہ ڈاکٹر انا ریٹا ماتیاس کے مطابق، ڈکٹیشن یعنی سن کر لکھنے کا عمل دماغ کے لیے خاصا پیچیدہ ہوتا ہے۔ اس دوران دماغ کو بیک وقت کئی کام انجام دینا پڑتے ہیں۔ پہلے آواز سننی ہوتی ہے، پھر الفاظ کو سمجھنا، انہیں یاد رکھنا، ذہن میں تحریری شکل دینا اور آخر میں ہاتھ کو درست انداز سے حرکت دینا پڑتا ہے۔ یہ تمام مراحل چند لمحوں میں مکمل ہوتے ہیں۔ اگر دماغ کے منصوبہ بندی، توجہ یا ورکنگ میموری والے حصے کمزور ہونے لگیں تو یہی مرحلہ سب سے پہلے متاثر ہوتا ہے۔
تحقیق کے مطابق جن افراد میں ذہنی کمزوری موجود تھی؛
انہیں لکھنے میں زیادہ وقت لگا۔
انہوں نے قلم کو زیادہ مرتبہ اٹھایا اور چلایا۔
انہوں نے لکھنا نسبتاً دیر سے شروع کیا۔
ان کے حروف عمودی لحاظ سے نسبتاً بڑے تھے۔
ان کی لکھائی کم روانی کے ساتھ مکمل ہوئی۔
اضافی تحقیق کیا کہتی ہے؟
صرف یہی تحقیق نہیں بلکہ گزشتہ چند برسوں میں دنیا کے مختلف تحقیقی اداروں نے بھی اسی طرح کے نتائج پیش کیے ہیں۔ امریکا، جاپان، اٹلی اور جنوبی کوریا میں ہونے والی تحقیقات کے مطابق الزائمر اور ابتدائی ڈیمنشیا کے مریضوں میں لکھائی آہستہ آہستہ سست، غیر ہموار اور غیر منظم ہونے لگتی ہے۔ کئی مطالعات سے معلوم ہوا ہے کہ ایسے افراد الفاظ کے درمیان زیادہ وقفے لیتے ہیں، ایک ہی حرف کو مکمل کرنے میں زیادہ وقت لگاتے ہیں اور قلم کا دباؤ بھی غیر مستقل ہو جاتا ہے۔ بعض تحقیقات میں مصنوعی ذہانت (Intelligence Artificial) سے لیس ڈیجیٹل قلم بھی استعمال کیے جا رہے ہیں، جو لکھائی کے ہزاروں چھوٹے اشاروں کا تجزیہ کرکے ڈاکٹرز کو ابتدائی خطرے سے آگاہ کر سکتے ہیں۔ ماہرین کو امید ہے کہ مستقبل میں صرف چند منٹ کی تحریری مشق کے ذریعے دماغی صحت کا ابتدائی اندازہ لگانا ممکن ہو جائے گا۔
ابتدائی تشخیص کیوں ضروری ہے؟
الزائمر اور دیگر دماغی بیماریوں کا مکمل علاج اگرچہ ابھی دستیاب نہیں، لیکن بروقت تشخیص سے بیماری کی رفتار کم کی جا سکتی ہے۔ جلد تشخیص ہونے پر؛
ادویات نسبتاً بہتر نتائج دیتی ہیں۔
دماغی ورزشیں زیادہ مؤثر ثابت ہوتی ہیں۔
مریض کی روزمرہ زندگی طویل عرصے تک معمول پر رہ سکتی ہے۔
خاندان بیماری کے لیے پہلے سے منصوبہ بندی کر سکتا ہے۔
اسی لیے آسان اور کم خرچ تشخیصی طریقوں کی تلاش انتہائی اہم سمجھی جا رہی ہے۔
دماغ کو صحت مند رکھنے کے مؤثر طریقے
ماہرین کا کہنا ہے کہ صرف لکھائی پر انحصار کرنا مناسب نہیں، بلکہ دماغی صحت برقرار رکھنے کے لیے صحت مند طرزِ زندگی ضروری ہے۔ تحقیقات کے مطابق درج ذیل عادات دماغ کو طویل عرصے تک متحرک رکھنے میں مدد دیتی ہیں۔
روزانہ کم از کم تیس منٹ پیدل چلنا یا ہلکی ورزش کرنا۔
سات سے آٹھ گھنٹے معیاری نیند لینا۔
سبز پتوں والی سبزیاں، مچھلی، خشک میوہ جات اور زیتون کے تیل پر مشتمل متوازن غذا استعمال کرنا۔
بلڈ پریشر، ذیابیطس اور کولیسٹرول کو قابو میں رکھنا۔
نئی زبان، مطالعہ، تحریر، شطرنج یا پہیلیوں جیسے ذہنی مشاغل اپنانا۔
سماجی روابط برقرار رکھنا، کیونکہ تنہائی دماغی تنزلی کے خطرے میں اضافہ کر سکتی ہے۔
لہذا آنے والے برسوں میں شائد جب کوئی بزرگ اچانک پہلے کی نسبت آہستہ لکھنے لگے، حروف غیر معمولی بڑے ہونے لگیں، قلم بار بار رکنے لگے یا سن کر لکھنے میں نمایاں دشواری محسوس کرے تو ڈاکٹر صرف دوائی ہی نہ لکھے بلکہ چند سطریں لکھنے کو بھی کہے۔ ممکن ہے مستقبل میں یہی چند سطریں دماغ کی صحت کے بارے میں وہ معلومات فراہم کر دیں جو مہنگے اور پیچیدہ ٹیسٹ بھی فوری طور پر نہ دے سکیں۔ آخرکار، ہاتھ صرف الفاظ نہیں لکھتا، وہ دماغ کی کیفیت بھی صفحہ قرطاس پر منتقل کرتا ہے۔ انسان کی تحریر محض حروف کا مجموعہ نہیں بلکہ اس کے ذہن، یادداشت اور اعصابی نظام کی ایک خاموش زبان ہے۔ اگر ہم اس زبان کو سمجھنا سیکھ جائیں تو شاید بڑھتی عمر کے ساتھ آنے والی کئی دماغی بیماریوں کو بروقت پہچان کر لاکھوں افراد کی زندگی کو زیادہ باوقار، خودمختار اور بہتر بنایا جا سکے۔