کراچی:
شہر قائد میں گلشن اقبال بلاک 4 میں شہید اسلام مسجد کے قریب گھر کے کچن میں سلنڈر دھماکے کے باعث آگ بھڑک اٹھی حادثے میں ایک خاتون جھلس کے زخمی ہوگئی جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ترجمان ریسکیو 1122 سندھ کے مطابق سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول کو واقعے کی اطلاع موصول ہوتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیم کو فائر بریگیڈ ٹرک اور ایمبولینس سمیت فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر بروقت کارروائی کرتے ہوئے کچن میں لگی آگ پر قابو پالیا جبکہ متاثرہ خاتون کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ریسکیو 1122 کی ٹیم نے سلنڈر کو نیوٹرلائز کرکے جائے وقوعہ کو محفوظ بنا دیا، واقعے میں ہونے والے نقصان سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔